نرسنگھ گڑھ بٹہ مالو میں پانی کی قلت | انتظامیہ سے فوری مداخلت کی اپیل

سرینگر// سرینگر کے نرسنگھ گڑھ بٹہ مالو علاقے میں کورونا بحران کے بیچ پینے کے صاف پانی کی قلت نے عام لوگوں کو سخت دشواریوں میں مبتلا کیا ہے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ بال گارڈن نرسنگھ گڑھ علاقے میں قبرستان کے نزدیک زیر التوا پڑے پروجیکٹ میں شمشان بونی سے لیکر قبرستان تک کے600فٹ میں پائپیں نہیں بچھائی گئی ہیں،جس کا خمیازہ مقامی لوگوں کو اٹھانا پڑ رہا ہے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ اگر چہ اس کام کیلئے پہلے ہی کام الاٹ کیا جاچکا ہے تاہم گزشتہ دو برسوں سے کام نہیں ہورہا ہے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ ماہ مقدس اور کورونا کے ان سخت ترین ایام میں جب لوگ گھروں سے باہر نکلنے سے بھی خوف محسوس کرتے ہیں، علاقے کے لوگوں کو پینے کے پانی سے محروم کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ متعلقہ حکام کو کئی بار یاد دہانی کرائی گئی تاہم صرف یقین دہانیوں سے ہی کام چلایا جا رہا ہے۔ مقامی لوگوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور لوگوں کو پینے کا پانی فراہم کرنے کیلئے اقدمات کریں۔