نرخ ناموں پر سختی سے عمل کیا جائے | خورشید گنائی کی تاجروں سے اپیل

سرینگر//گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے تاجر انجمنوں سے اپیل کی ہے کہ وہ حکومت کی طرف سے مختلف چیزوں کیلئے مقرر کئے گئے نرخ ناموں پر سختی سے عمل کریں اور لوگوں سے زیادہ قیمتیں نہ وصول کریں ۔ خورشید گنائی جن کے پاس خوراک ، سول سپلائیز و امور صارفین محکموں کا چارج بھی ہے ، نے یہ اپیل سرینگر جموں شاہراہ پر ٹریفک کی آمدورفت میں خلل پڑنے ، بارشوں کی پیشگوئی اور رمضان المبارک کے مہینے کے تناظر میں کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت لوگوں کے مشکلات کم کرنے اور اس مقدس مہینے کے دوران اشیائے ضروریہ کی دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے تمام لازمی اقدامات کرے گی ۔ مشیر موصوف نے کہا کہ تمام متعلقین کو اعتماد میں لا کر مختلف چیزوں کے نرخ مقرر کئے گئے ہیں اور اب غیر ضروری طور پر اضافی قیمتیں وصول کرنے کا کوئی جواز ہی نہیں بنتا ۔ انہوں نے کہا کہ سرکار کی طرف سے مقرر کئے گئے نرخ ناموں کی عدولی کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی ۔