نجی عمارت کا کرایہ نہ دینے کا معاملہ

 
منجا کوٹ //تحصیل منجا کوٹ میں بی ایس این ایل مواصلاتی کمپنی کے دفتر کیلئے استعمال کی جارہی عمارت کو کرایہ نہ دینے کی وجہ سے تالا بند کر دیا گیا ہے جس کی وجہ سے صارفین کو شدید مشکلات کا سامناکرنا پڑرہا ہے ۔مقامی ذرائع کے مطابق مذکورہ مواصلاتی کمپنی کی جانب سے اپنا دفتر کھولنے کیلئے ایک نجی عمارت کو کرایہ پر لیا ہوا تھا لیکن ایک لمبے عرصہ سے مذکورہ عمارت کا کرایہ نہیں دیا گیا ہے جس کی وجہ سے عمارت کے مالک نے دفتر کو تالا بند کر دیا ہے ۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ منجا کوٹ بی ایس این ایل مواصلاتی کمپنی کی جانب سے فراہم کر دہ ناقص سروس کی وجہ سے صارفین کوپہلے سے ہی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے کمپنی انتظامیہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ وہ اب کمپنی کی سمیں استعمال کر نا بند کر نے پر مجبور ہو چکے ہیں ۔انہوں نے بی ایس این ایل انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ مذکورہ معاملہ کا جلداز جلد کوئی حل نکالے تاکہ صارفین کو درپیش مسائل حل ہو سکیں ۔