سرینگر//نجی اسکولوں میں زیر تعلیم بچوں کے والدین نے کرن نگر میں احتجاج کرتے ہوئے فیس کی ادائیگی کو شاہی فرمان قرار دیا۔ کرن نگر میں جمعہ کو نجی اسکولوں میں زیر تعلیم بچوں کے والدین کی ایک خاصی تعداد جمع ہوئی اور نجی تعلیمی اداروں کی جانب سے فیس جمع کرانے کے فرمان کے خلاف احتجاجی دھر نا دیا ۔یہ احتجاج ’’پیرنٹس ایسوسی ایشن پرائیویٹ اسکول کشمیر ‘‘ کے بینر تلے نجی اسکولوں میں زیر تعلیم بچوں کے والدین نے کیا ۔مظاہرین والدین نے اپنے ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے ،جن پر ’’نو اسکول ۔۔۔نو فیس ‘‘ یعنی (اسکو ل نہیں ۔۔فیس نہیں)کے نعر ے درج تھے ۔احتجاج میں شامل والدین نے کہا ’کشمیر میں تعلیم کے نام پر تجارت ہورہی ہے ‘۔ان کا کہناتھا کہ تین ماہ سے لاک ڈائون کی وجہ سے کوئی کاروباری سرگرمیاں نہیں ہورہی ہیں جبکہ نجی تعلیمی اداروں کی جانب سے فرمان جاری ہورہا ہے کہ والدین بچوں کی فیس جمع کرائیں ۔انہوں نے فیس معاف کر نے کے حق میں آواز بلند کرتے ہوئے کہا کہ جموں وکشمیر کی انتظامیہ اور محکمہ تعلیم کو سنجیدہ نوٹس لینا چاہئے نہ خاموشی اختیار کرنی چاہئے ۔انہوں نے کہا’ ’اسکو ل مافیا کے بجائے لوگوں کو راحت پہنچا نے کی ضرورت ہے‘ ‘۔
نجی سکولوں کی جانب سے فیس کی طلبی | والدین سراپااحتجاج ،کرن نگر میں احتجاجی دھرنا
