سرینگر// نجی اسکولوں کی انجمن نے تیز رفتار4جی انٹرنیٹ کی بحالی کیلئے سپریم کورٹ میں عرضی پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس سے طلاب کی تعلیم متاثر ہونے کے علاوہ ان کے ذہنی نشو نما پر بھی منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ نجی اسکولوں کی انجمن نے کہا کہ تیز رفتار انٹرنیٹ پر پابندی نے پورے جموں و کشمیر کے لاکھوں طلبا کے تعلیم کے معیار کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ انجمن نے کہا’’ہمارے طلباء کو 5 اگست 2019 سے ا سکولوںکی طویل وقت تک بندش کی وجہ سے تکلیف کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جو دفعہ370 کو منسوخ کرنے کے بعد بند ہوئے اور پھر کووِڈ – 19 وبائی مرض کی وجہ سے اس میں مزید توسیع ہوئی۔ ایسوسی ایشن نے درخواست میں استدعا کی کہ جموں وکشمیر کے بچوں نے پہلے ہی2 تعلیمی سال ضائع کردئیے ہیں کیونکہ 2 جی موبائل انٹرنیٹ کی رفتار سے ویڈیو کانفرنس کرنے والی اپلی کیشنزجیسے زوم یا ویب ایکس کا استعمال کرتے ہوئے آن لائن کلاسز کا انعقاد ناممکن ہے۔ درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ جموں وکشمیر اسٹیٹ بورڈ آف اسکول ایجوکیشن نے اسکول بند ہونے کے نتیجے میں متبادل طریقہ کار پر منتقل نہ ہونے کے شدید اثرات کو تسلیم کیا ہے جس نے کلاس دسویں،گیارہویں اور بارہویںمیں طلباء کے لئے 2020 میں ہونے والے سالانہ امتحانات کے نصاب میں 40 فیصد کمی کی۔ انہوں نے کہاتاہم ، جموں و کشمیر کے ان طلبہ کے لئے ایسی کوئی مراعات دستیاب نہیں ہیں جو قومی سطح کے مسابقتی امتحانات دے رہے ہیں جہاں نصاب بدستور باقی ہے اور جہاں انہیں ہندوستان کے دوسرے حصوں سے آنے والے طلباء سے مقابلہ کرنا ہوگا جو تیز رفتار انٹرنیٹ تک رسائی کے ذریعے اپنی تعلیم جاری رکھنے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔ پرائیوٹ اسکولز ایسو سی ایشن نے کہا کہ انٹرنیٹ پر پابندیوں کی وجہ سے بہت سارے طلباء مسابقتی امتحانات کی تیاری کے لئے اپنے کنبہ چھوڑ کر جموں و کشمیر سے باہر رہنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ ایسوسی ایشن نے کہا کہ ایسے استحقاق کے حامل افراد کو غیر مساوی میدان میں باقی ملک کے طلبہ سے مقابلہ کرنے کے لئے چھوڑ دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ تعلیم تک رسائی سے انکار نے جموں و کشمیر میں بچوں کی ذہنی صحت کو سخت نقصان پہنچایا ہے اور وہ تناؤ ، اضطراب اور افسردگی کا شکار ہیں۔ ایسوسی ایشن نے کہا ’’ان وجوہات کی بناء پر ، ہم نے ایک بار پھر سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے کہ آئین کے ذریعہ ضمانت دی جانے والی تعلیم کے بنیادی حق کو نافذ کیا جائے اور ہم امید کرتے ہیں کہ عدالت ہمارے طلباء کے مستقبل کے تحفظ کے لئے 4 جی موبائل انٹرنیٹ کی بحالی بحال کرے گی۔‘‘
نجی اسکولوں کی انجمن کا عدالت عظمیٰ سے رجوع
