ناگہ بیرن ترال کے جنگلاتی علاقے میں مسلح تصادم | مطلوب کمانڈر سمیت 3جنگجو جاں بحق

ترال// قصبہ ترال سے 30کلو میٹر دورداچھی گام، کھریو اور ستورہ ترال کے جنگلاتی سلسلے میں واقع صحت افزاءمقام ناگہ بیرن علاقے میں سنیچر کی صبح خونریز جھڑپ ہوئی جس میں پولیس کو10 سب سے مطلوب جنگجوﺅں میں سے ایک کمانڈر اپنے 2ساتھیوں سمیت جاں بحق ہوا۔پولیس کا دعویٰ ہے کہ یہ گروپ بھارتیہ جنتا پارٹی کے میونسپل کمیٹی چیئرمین راکیش پنڈت اور ایک ایس پی او اور دیگرکئی ہلاکتوں میں ملوث تھا۔ناگہ بیرن کے تار سر مارسر پہاڑی سلسلے میں31جولائی کو جیش محمد کے طویل عرصے سے سرگرم کمانڈر محمد اسمائیل عرف لمبو جھڑپ میں مارا گیا تھا۔ جبکہ اسی مہینے کھریو کے اسی پہاڑی سلسلے میں دو جھڑپیں ہوئی تھیں جن میں 3جنگجو مارے گئے ۔

تصادم کیسے ہوا؟

سیکورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ کھریو کے پہاڑی سلسلے میں جنگجوﺅں کو ڈھونڈ نکالنے کےلئے 7اگست کو آپریشن کیا گیا جو 21اگست تک جاری رہا۔فورسز کا کہنا ہے کہ جنگجو جنگلات میں چھپے بیٹھے ہیں اور داچھی گام ، ستورہ ترال، ناگہ بیرن اور پہلگام کے ساتھ لگنے والے جنگلاتی سلسلے میں مختلف مقامات پر آپریشن کئے جارہے ہیں۔ناگہ بیرن قصبہ ترال سے 30کلو میٹر سے زیادہ دور ہے۔جہاں تک صرف پیدل چل کر ہی پہنچا جاسکتا ہے۔معمول کے آپریشن کے دوران فورسز کو ایک عارضی ڈھوک میں 3جنگجوﺅں کی موجودگی کے بارے میں معلومات دستیاب ہوئیں جس کے فوراً جمعہ کے روز 42آر آر،1پیرااور ایس او جی ترال نے علاقے کو دوران شب ہی محاصرے میںلیااورسنیچر کی صبح قریب 6 بجے تلاشی آپریشن شروع کیا ۔اس دوران طرفین کے درمیان گولیوں کا شدید تبادلہ ہوا ، جس میں جیش محمد کے3مقامی جنگجو جاں بحق ہوئے۔مہلوک جنگجوﺅں میں سے ایک کی شناخت وکیل احمد شاہ ولد مظفر احمد شاہ ساکن ترا ل پائین کے طورہوئی جو11مارچ2020سے سرگرم تھا۔پولیس کے مطابق وکیل احمد شاہ 10مطلوب جنگجوﺅں کی فہرست میں بھی ہے۔ غیر سرکاری طور پردوسرے جنگجو کی شناخت 50سالہ عبد الحمیدولد عبدلا احدچوپان ساکن لرو جاگیر کے طور کی گئی ہے جو16جون2020سے سرگرم رہا تھا۔عبد الحمید کا 19سالہ کمسن جنگجو بیٹا عادل چوپان2017 میں اپنے آبائی گاﺅں کے قریب ہی جھڑپ میں جاں بحق ہوا تھا۔وہ برہان وانی کے بعد سبزار نامی جنگجو کمانڈر کیساتھ ہوتا تھا اور سیموہ ترال میں معرکہ آرائی کے دوران بچ بھی گیا تھا ۔تیسرے جنگجو کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ اسکی شناخت الیاس منظور نجار ولد منظور احمد نجار ساکن کھلن گنڈ موسیٰ پلوامہ کے بطور ہوئی ہے جو 14جون 2019سے سرگرم تھا۔تاہم پولیس کی جانب سے دو جنگجوﺅں کی شناخت ظاہر نہیںکی گئی۔پولیس نے بتایامارے گئے جنگجوﺅں کے قبضے سے ایک یوبی جی ایل ،ایک ایس ایل آر کے علاوہ اسلحہ اور گولی بارود برآمد کیا گیا ۔قصبہ ترال میں جب وکیل کے ہلاکت کی خبر پھیل گئی تو یہا ں لوگوں نے اپنی دکانیں بند کیں اور سڑکوں سے ٹرانسپورٹ بھی جزوی طور غائب رہا۔جنگلاتی علاقے سے تعلق رکھنے والے لوگوںنے بتایا کہ جھڑپ شروع ہونے کے بعدستورہ سے مزید کمک کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے ناگہ بیرن پہنچائی گئی ۔ تینوں جنگجو لمبے عرصے سے جنوبی کشمیر میں سرگرم تھے اور مارے گئے جنگجوﺅں کی تحویل سے 2اے کے47رائفلیں، ایک SLR، میگزین اور یو بی جی ایل برآمد کئے گئے۔