ناکھاںوالی سڑک پرٹریفک جام معمول بن گیا

 پونچھ//ضلع پونچھ کے صدر مقام سب سے مصروف ترین عید گاہ چوک کے متصل ناکھاں والی سڑک جو پونچھ کے صدر بازار ، عدالت، ضلع ہسپتال پونچھ اور کامسر پونچھ کو آپس میں جوڑتا ہے ،پر ہمیشہ ٹریفک جام رہتا ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو آئے روز پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ناکھاں والی سڑک کی جانب سے مختلف اسکولوں کے طلباکے علاوہ پونچھ ضلع ہسپتال جانے والے مریض اور بازار کی طرف ہزاروں لوگ گزرتے ہیں جنہیں جام کی وجہ سے سخت پریشانیوں کا سامناہے ۔خاص طور پربچوں کے ساتھ ہمیشہ حادثہ ہونے کا خطرہ بھی لاحق رہتا ہے۔اس سلسلہ میں بات کرتے ہوئے مقامی دوکاندار مولوی حکیم الدین نے محکمہ ٹریفک پولیس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ محکمہ کی سست روی کی وجہ سے اس مقام پرہمیشہ ٹریفک جام لگارہتاہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ناکھاں والی سڑک پر یک طرفہ ٹریفک چلایا جائے اور محکمہ ڈنگس کے راستے دوسری طرف جانے والے گاڑیوں کو منتقل کیا جائے تاکہ سڑک پر جام نہ لگنے پائے۔انہوں نے کہا کہ اگر انتظامیہ کے لئے ایسا کرنا ممکن نہ ہوتو اس سڑک پر کوئی ایسا طریقہ کار اختیار کیا جائے تاکہ وہاں جام نہ لگے ۔انہوں نے کہا کہ پولیس کی جانب سے وہاں ایک شخص کھڑا کیا جاتاہے جو ٹریفک کو پوری طرح کنٹرول نہیں کر سکتا اس لئے جام لگتاہے لہٰذا مزید اہلکاروں کی تعیناتی عمل میں لائی جائے۔انہوں نے کہا کہ عوام کی جانب سے اس سلسلہ میںکئی بار انتظامیہ کو متوجہ کیا گیا لیکن ایک دو دن تک نظام درست رکھنے کے بعد پھر وہی حال ہو جاتا ہے۔