بانہال // جموں سرینگر شاہراہ پر واقع ناچلانہ کے مقام کھڑی آڑپنچلہ کے مسافروں کیلئے تعمیر کیا گیا مسافر شیڈ فوج کے زیر استعمال رہنے کی وجہ سے اس شیڈ کی تعمیر کا مقصد ہی فوت ہوگیا ہے اور فوجی اہلکاروں کی طرف سے اس مسافر شیڈ کو استعمال کرنے کی وجہ سے مسافروں کو شیڈ کے باہر ہی گاڑیوں کے انتظار میں وقت گزارنا پڑتا ہے – کھڑی۔ آٹپنچلہ سے تعلق رکھنے والے ایک وفد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ کھڑی مہو منگت رابطہ سڑک پر ناچلانہ پْل کے مقام ایک مسافر شیڈ تعمیر کیا گیا ہے لیکن بدقسمتی سے صبح سے شام تک یہ شیڈ فوجی اہلکاروں کے تصرف میں رہتا ہے جس کی وجہ سے مسافروں کو بارش ، برفباری اور دھوپ میں باہر ہی وقت گزارنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوج کی گشتی پارٹیاں اپنے ٹھہرنے کیلئے صبح سے شام تک اسی شیڈ کے اندر اور باہر قیام کرتی ہیں جس کی وجہ کھڑی آڑپنچلہ اور مہو منگت سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین سمیت عام مسافروں کیلئے تعمیر کیا گیا یہ مسافر شیڈ بے سود ثابت ہو کر رہ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پسنجر شیڈ فوجی اہلکاروں کے مسلسل استعمال میں ہونے کی وجہ سے مسافروں کو بارش ، برفباری اور تیز دھوپ میں باہر کھلے میں وقت گذاری کرنی پڑتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی لوگوں نے یہ معاملہ مقامی چوکیداروں اور پنچایتی نمائندوں کے توسط سے تحصیلدار کھڑی کی نوٹس میں بھی لایا ہے لیکن ابھی تک تحصیل حکام کی طرف سے اس ضمن میں کسی بھی قسم کی کوئی موثر کارروائی نہیں کی گئی ہے – انہوں نے ضلع انتظامیہ رام بن سے اپیل کی ہے کہ وہ ناچلانہ کے مقام عوام کیلئے تعمیر کئے گئے اس پسنجر شیڈ کو عوام کیلئے دوبارہ بحال کرنے کے اقدامات اٹھائیں تاکہ تحصیل کھڑی کے سینکڑوں مسافروں کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔