ناچلانہ میں میوہ ٹرک الٹنے سے شاہراہ پر ٹریفک میں کھلبلی

بانہال // جموں سرینگر شاہراہ پر اتوار کی شام ناچلانہ کے قریب وادی کشمیر سے جموں کی طرف جانے والا ایک میوہ بردار ٹرک سڑک پر الٹ گیا جس کی وجہ سے شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت عارضی طور معطل ہوگئی۔ اتوار کوسرینگر سے جموں کی طرف معمول کے ٹریفک ٹریفک کو چلنے کی اجازت تھی۔ ایس ایچ او رامسو عنایت اللہ نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ وادی کشمیر سے جموں کی طرف جانے والا ٹرک زیرنمبر PB-09N/ 6177 ناچلانہ کے قریب سڑک پر الٹ گیا اور اس میں سوار افراد معمولی طور پر زخمی ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرک کو سڑک سے ہٹانے کیلئے انتظامیہ نے ریلوے تعمیراتی کمپنی افکان سے ریکوری کرین کی مدد لی جس کے بعد گاڑیوں کی آمدورفت بحال ہوگئی۔ اس دوران ایس ایچ او بانہال نعیم الحق متو نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ ٹرک کے پلٹنے کی وجہ سے شاہراہ پر ٹریفک میں خلل پڑا اور ریلوے چوک بانہال میں ہی جموں کی طرف بڑھ رہے ٹریفک کو روک دیا گیااور ٹرک سڑک سے ہٹانے کے بعد ٹریفک معمول کے مطابق چلتا رہا۔  اس دوران اتوار کی صبح سے جواہر ٹنل اور شیربی بی کے درمیان شاہراہ پر شدید ٹریفک جام رہا اور گاڑیوں کی رفتار سست ہوکر رہ گئی۔ٹریفک جام کا یہ سلسلہ اتوار سہ پہر تک جاری رہا۔