رام بن // ناچلانہ میں منعقدہ والی بال ٹورنامنٹ گزشتہ روز اختتام کو پہنچا،اس انٹر ولیج والی بال کا اہتمام راشٹریہ رائفلز کی جانب سے سد بھائونہ اوپریشن کے تحت کیا گیا تھا جس میں ضلع کے مختلف مقامات سے آئی ہوئی 35ٹیموں نے شرکت کی۔ اس والی بال ٹورنامنٹ کا اہتمام فوج کی جانب سے گورنمنٹ ہائی اسکول ناچلانہ میں کیا گیا تھا۔ اتوار کے روز میچ کا فائنل میچ کھیلا گیا جس میں ابابیل کلب نیل نے فضل کلب چملواس کو شکست دے کر چمپئن شپ جیت لی۔ اس سے قبل سیمی فائنل میں ابا بیل کلب نے آرین کلب چکنوارہ اور فضل کلب چملواس نے سٹی کلب کھڑی کو شکست دے کر فائنل میں مقام بنایا۔ میچ کو دیکھنے کے لئے بھاری تعداد میں مقامی لوگ اور کھیل شائقین بھی موجود تھے۔ میچ کے آخر میں جہاں ٹیموں اور کھلاڑیوں میں ٹرافیاں و میڈل اور نقد انعامات تقسیم کئے گئے وہیں مختلف ٹیموں کی حوصلہ افزائی بھی کی گئی۔