جموں//سری نگر جموں شاہراہ پر ناچلانہ رام بن کے نزدیک ایک ٹرولر ڈرائیور کے قابوسے باہر ہو کر گہری کھائی میں جاگرا جس کے نتیجے میں تین افراد شدید طورپر زخمی ہوئے۔
ڈی ایس پی ٹریفک نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ ’جمعرات اعلیٰ الصبح ناچلانہ رام بن کے نزدیک ٹریفک حادثے کی اطلاع ملتے ہی فوج، پولیس، مقامی این جی او اور ٹریفک عملے نے امدادی کارروائی شروع کی‘۔
انہوں نے کہا کہ دو زخمیوں کو فوری طورپر علاج ومعالجہ کی خاطر ہسپتال پہنچایا گیا تاہم ڈرائیور ملبے کے نیچے پھنس ہوا تھا جس کو باہر نکالنے میں کافی وقت لگا۔بعد ازاں اُس کو بھی باہر نکال کر ہسپتال میں بھرتی کیا گیا ہے ۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ تینوں زخمیوں کی حالت اسپتال میں قدرے مستحکم بتائی جاتی ہے۔
بتادیں کہ سری نگر جموں شاہراہ پر آئے روز ٹریفک حادثات رونما ہو رہے ہیں جس وجہ سے قیمتی انسانی جانیں ضائع ہونے کا نہ تھمنے والا سلسلہ جاری ہے ۔
سرکار کی جانب سے اگر چہ ٹریفک حادثات پر قابو پانے کی خاطر کئی اقدامات بھی اُٹھائے گئے تاہم ڈرائیوروں کی جانب سے ایک دوسرے پر سبقت لینے کے باعث ٹریفک حادثات رونما ہونا اب اس شاہراہ پر معمول سا بن گیا ہے۔