کپوارہ//لنگیٹ میں نالہ ماور میں 35سالہ نوجوان غرقآب ہوگیا۔ادھر رفیع آباد بارہمولہ میں دریائے جہلم کے نزدیک ایک خاتون کی لاش برآمد کی گئی۔ پیر کی صبح محمد امین بٹ ولد غلام محی الدین ساکنہ آستان محلہ لنگیٹ نالہ ماور کے کنارے دان کدل کے نزدیک سے گزر رہا تھا کہ اس دوران اس کا پیر پھسل گیا اور وہ نالہ کے ایک گہرے کھڈے میں جا گرا ۔جو نہی نوجوان کے غرقآب ہونے کی خبر لنگیٹ میں پھیل گئی تو وہا ں کہرام مچ گیا اور لوگوں کی ایک بڑی تعداد جائے حادثہ پر پہنچی جبکہ پولیس اور غوطہ خوروں کی ایک ٹیم نے لاش کو نالہ ماورسے بر آمد کرنے کی خاطر کارروائی شروع کی ۔دن بھر وقفے وقفے سے جاری بارشوں نے تلاشی کارروائی میں رکاوٹیں پیدا کیں اور شام دیر گئے نوجوان کی لاش نکالنے کی کارروائی جاری تھی ۔اس دوران شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے رفیع آباد علاقے میں دریائے جہلم کے نزدیک ایک خاتون کی لاش بر آمد کی گئی۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ بارہمولہ کے لڈورہ رفیع آباد علاقے میں دریائے جہلم کے نزدیک پیر کی صبح مقامی لوگوں نے ایک خاتون کی لاش دیکھی اور اس کے متعلق فوری طور پولیس کا مطلع کیا۔انہوں نے کہا کہ اطلاع موصول ہوتے ہی پولیس کی ایک ٹیم جائے موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو اپنی تحویل میں لے لیا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ متوفی خاتون کی شناخت اور موت واقع ہونے کی وجوہات معلوم کی جا رہی ہیں۔
نالہ ماور لنگیٹ میں نوجوان غرقآب | بارہمولہ میں خاتون کی لاش بر آمد
