نالہ فیروزپورہ منجمد | ٹنگمرگ کے کئی علاقوں میں لوگو ںکو گوناگوں مسائل کا سامنا

ٹنگمرگ//ٹنگمرگ میں شدید سردی کے باعث نالہ فیروزپورہ منجمد ہونے سے کثیرآبادی پینے کے پانی سے محروم ہوگئی ہے ۔چلہ کلان سے قبل سیاحتی مقام گلمرگ میں درجہ حرارت منفی 11 تک پہنچنے سے نالہ فیروزپورہ مکمل طور منجمد ہوگیاہے جس کی وجہ سے نصف آبادی کو پایپوں کے ذریعہ فراہم ہونے والا پانی نہیں پہنچ رہا ہے۔حلقہ حاجی اور وانلیو میں پیائپیں جم جانے سے پانی کی سپلائی معطل ہوکر رہ گئی ہے۔ ادھر دور دراز علاقہ جات میں بھی کئی واٹر سپلائی لاینیں جم جانے سے ایک وسیع آبادی پینے کے پانی سے محروم ہے ۔وانلیو ٹنگمرگ کے ایک شہری محمد سلطان نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ان کا علاقہ گزشتہ ایک ہفتے سے پینے کے پانی سے محروم ہے۔انہوں نے کہا کہ سپلائی لائن جم جانے سے آبادی گزشتہ ایک ہفتے سے پانی کی عدم دستیابی سے زبردست مشکلات سے دوچار ہے۔اسی طرح حاجی بل میں پانی کی ضرورت پورا کرنے کیلئے لوگوں کو دور دور تک جاکے پانی حاصل کرنا پڑتا ہے ۔ادھر فیروزپورہ میں سرشام ہی پانی چلا جاتاہے اور صبح بارہ بجے کے بعد ہی رک رک کرپانی آنا شروع ہوجاتا ہے۔ مقامی لوگوں نے محکمہ جل شکتی کے افسران پر فیلڈ عملے کو متحرک کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ادھر حاجی بل اور وانیلو کے لوگوں نے ان کے علاقہ میں ٹینکر کے ذریعہ پانی فراہم کر نے کا مطالبہ کیاہے۔