نالوں سے ریت اوربجری نکالنے کا دھندہ | نالہ برنگی و ساندرن سے13گاڑیاں ضبط

اننت ناگ //اننت ناگ میں ندی نالوں سے غیر قانونی طور بجری اور ریت نکالنے والے افراد کے خلاف پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے 13 گاڑیوں کو ضبط کرکے ملوث افراد کو سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا ہے۔ڈورو شاہ آباد میں نالہ ساندرن اور کوکر ناگ میں نالہ برنگی سے غیرقانونی طور ریت اور بجری نکالنے کی پاداش میں مختلف مقامات پر پولیس نے 5 جے سی بی، 4 ٹپر، 2 ڈمپر اور 2 ٹریکٹر ضبط کرکے معاملے کی نسبت کیس درج کیا ۔ایس ایچ او ڈورو سید نذیر اندرابی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پابندی کے باوجود نالہ ساندرن اور نالہ برنگی سے ریت اور بجری نکالنے والے افراد رات کی تاریکی میں کارروائی انجام دیتے ہیں جس کے باعث ان نالوں کی ہیت کافی بگڑ گئی ہے، ساتھ ہی ندی نالوں کے دونوں اطراف تعمیر کئے گئے بندھ بھی شدید خطرے میں آگئے ہیں۔انکا کہنا تھا کہ پولیس نے اس کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 13 گاڑیوں کو ضبط کر کے ملوث افراد کو گرفتار کرلیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ لوگوں کی طرف سے مسلسل یہ شکایات موصول ہورہی تھیں کہ مختلف علاقوں میں غیر قانونی طور پر ریت اور بجری نکالنے کا سلسلہ جاری ہے جس کے بعد کارروائی عمل میں لائی گئی۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی شخص کو قدرتی وسائل کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ادھر ندی نالوں کے آس پاس رہائشیوں نے پولیس کارروائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کافی عرصہ سے مافیا نے ندی نالوں کی ہیت بگارڈ دی ہے ۔محکمہ جیالوجی محکمہ کو کئی بار آگاہ کرنے کے بعد بھی محکمہ نے خاموشی اختیار کی۔