ناظم سیاحت عہدے سے برطرف

 سرینگر// جموں وکشمیر گورنر انتظامیہ نے ناظم سیاحت کشمیر تصدق جیلانی کو ان کے عہدے سے ہٹالیا ہے۔صوبائی کمشنر کو موصوف پر لگے الزامات کی تحقیقات کرنے کیلئے 10روز کی مہلت دی گئی ہے۔ناظم سیاحت کا عہدہ اگلے احکامات تک صوبائی کمشنر کشمیر سنبھالیں گے ۔جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری ایک آڈر میں کہا گیا ہے’’ اِنتظامیہ کے مفاد میں تصدق جیلانی ناظم سیاحت کشمیر کے عہدے پر کام نہیں کریں گے ۔ یہ حکمنامہ اگلے احکامات تک نافذ العمل رہے گا۔اگلے احکامات تک ناظم سیاحت کے فرائض صوبائی کمشنر کشمیر اضافی طور انجام دیں گے۔‘‘دریںاثنا ایک الگ حکمنامے میں حکومت نے کہا ہے کہ صوبائی کمشنر کشمیر حالیہ دِنوں 25؍اکتوبر سے 27؍اکتوبر 2018ء تک منعقد ہوئے’’ کشمیر ایف اے ایم ٹور ‘‘ میں مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات کریں گے ۔یہ تحقیقاتی عمل 10روز کے اندر مکمل کر کے جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کو حتمی رِپورٹ پیش کی جائے گی۔