ناصاف پانی پینے کا نتیجہ

گاندربل//صفاپورہ میں فلٹرکئے بغیر پانی پینے سے درجنوں افراد دست اور قے کا شکار ہوگئے ہیں۔مانسبل جھیل کے کنارے کولہ پورہ کے مقام پر واقع محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کا فلٹریشن پلانٹ پر کوئی ڈھکن نہیں ہے اورنہ اُس کی صفائی ہورہی ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ یہی پانی فراہم کرنے سے درجنوں علاقوں میں بیماریاں پھوٹنے کا خدشہ لاحق ہوگیا ہے۔صفاپورہ مارکیٹ،برکتی محلہ،وانی محلہ،شیخ محلہ اور کولہ پورہ میں کئی افراد دست اور قے میں مبتلا ہوگئے ہیں۔محمد یوسف نامی ایک شہرینے بتایا کہ کولہ پورہ کے مقام پر قائم محکمہ پی ایچ ای فلٹریشن پلانٹ کی مدتوں سے صفائی نہیں کی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس وجہ سے پچھلے دو دنوں سے کولہ پورہ کے درجنوں افراد دست اور قے میں مبتلا ہوکر پبلک ہیلتھ سنٹر صفاپورہ میں داخل کئے گئے ہیں۔اس سلسلے میں ڈاکٹروں نے تصدیق کی کہ پینے کے ناصاف پانی پینے کی وجہ سے کولہ پورہ مانسبل میں کئی لوگ دست اور قے کا شکار ہوگئے ہیں۔