سرینگر+شوپیان // نارہ بل ایچ ایم ٹی علاقے میںفورسز کی جانب سے مس فائر ہونے کے نتیجے میں ایک شہری زخمی ہوا۔ادھر ترنج شوپیان میں ناکے کے دوران موٹر سائیکل سوار فرار ہونے پر فورسز نے ہوائی فائرنگ کی۔پیر کہ سہ پہر نارہ بل علاقے میں معمول کی ڈیوٹی پر تعینات سی آر پی ایف کے ایک اہلکار کی رائفل سے اچانک گولی نکلی جو ایک راہ گیر 25سالہ شوکت احمد بٹ ولد ولی محمد بٹ ساکن گوری پورہ سوزیٹھ کو جا لگی جس سے وہ زخمی ہوا۔ اسے فوری طور پر جے وی سی منتقل کیا گیا۔اس واقعہ کے بارے میں پہلے بتایا گیا تھا کہ فورسز اور جنگجوئوں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا ، جس سے شہری زخمی ہوا۔ادھر سہ پہر کو ترنج شوپیان روڑ پر فوجی اہلکاروں نے ناکہ لگایا اور یہاں گاڑیوں کی تلاشی لینے کی کارروائی کی۔ اس دوران وہاں سے مقامی لوگوں کے مطابق ایک ایکس یو وی (XUV) گاڑی اور موٹرسائیکل وہاں سے گزرے، جنہیں رکنے کے لیے کہا گیا تاہم وہ فوج کی طرفسے لگائے گئے ناکہ سے بھاگ گئے جس کے بعد فوج نے ہوا میں گولیاں چلائیں۔فوج نے گاڑیوں کا پیچھا کرتے ہوئے موٹرسائیکل اور گاڑی کو ضبط کر لیا۔ذرائع کے مطابق ان گاڑیوں میں 2 سے 3 عسکریت پسند سوار تھے جو فرار ہونے میں کامیاب رہے۔فوج نے ایکس یو وی گاڑی کے مالک کو گرفتار کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔ جسکی شناخت گوہر حسین وانی کے بطور ہوئی ہے۔
نارہ بل میں مس فائر سے بھگدڑ،شہری زخمی
