شوپیان// نادی گام شوپیان میں ایک مسلح تصادم آرائی کے دوران مقامی ملی ٹینٹ جاں بحق ہوا ۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ انہیں نادی گام اور ڈگہ پورہ کے درمیانی علاقے میں ملی ٹینٹوں کی اطلاع ملی جس کے بعد 34اور 44آر آر، 14بٹالین سی آر پی ایف اور پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ نے مشترکہ طور پر کارروائی عمل میں لائی۔ذرائع نے بتایا کہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب نادی گام اور ڈگہ پورہ کے باغات کارات کے 11بجے محاصرہ کیا گیا اور 2بجے رات تک تلاشی کارروائی عمل میں لائی گئی لیکن کوئی سراغ نہیں ملا۔اورتلاشی کارروائی رات کے ایک بجے ختم کی گئی۔لیکن رات کے 2بجے اسی علاقے کا دوسری بار محاصرہ کیا گیا اور صبح کے وقت میوہ باغات کے وسیع علاقے کی باریک بینی سے تلاشی لی گئی۔دن کے11بجکر 55منٹ پر سیکورٹی فورسز کا ملی ٹینٹوں کے ساتھ آمنا سامنا ہوااور فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میںایک ملی ٹینٹ مارا گیا۔معلوم ہوا ہے کہ ملی ٹینٹکا ایک جگہ پر ہائیڈ اوٹ تھا جس میں وہ چھپا ہوا تھا۔ فائرنگ کے مختصر تبادلے کے دوران مارے گئے جنگجو کی شناخت عمر اشفاق ملک عرف عمر گیلانی ولد مرحوم عبدالاحد ملک کے طور پر ہوئی ہے جو ریشی محلہ بونہ گام شوپیان کا کا رہائشی تھا۔پولیس نے بتایا کہ مارا گیا ملی ٹینٹ لشکر سے وابستہ تھا اور وہ ایک سال سے سرگرم تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ عمر گیلانی نے 12نومبر 2020 کو ہتھیار اٹھائے تھے۔انکاؤنٹر کے مقام سے ایک اے کے 47 رائفل، 4 میگزین اور ایک ہینڈ گرنیڈ برآمد کیا گیا ۔ادھر ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پچھلے سال، 34شہریوں کے ساتھ 171 ملی ٹینٹ مارے گئے، اور 29 پولیس اور دیگر فورسز اہلکار بھی ہلاک ہوئے۔ گزشتہ سال 89 مقابلے ہوئے جن میں 150 مقامی عسکریت پسند اور 21 غیر ملکی مارے گئے۔
نادی گام شوپیان میں رات بھر تلاشی آپریشن| تصادم میں ملی ٹینٹ جاں بحق
