ناجائز تجاوزات کے خلاف مہم کے دوران کونسلر وں پر حملہ

 
پونچھ //سرحدی ضلع پونچھ کے صدر مقام پر تاریخی قلعہ کے سامنے کے علاقے میں میونسپل کمیٹی پونچھ کی جانب سے ناجائز تجاوازت ہٹانے کے سلسلے میں کمیٹی کے چیرمین ایڈوکیٹ سنیل کمار شرما کی قیادت میں تمام کونسلروں کی جانب سے مہم شروع کی گئی۔اس دوران جن لوگوں کی جانب سے وہاں تجاوزات کئے گئے تھے انہوں نے احتجاج شروع کر دیا اورمبینہ طور پر کونسلروں پر حملہ کر دیا۔اس دوران ضابطہ کے تحت میونسپل کمیٹی کے تمام کونسلروں کے ساتھ ایڈمنسٹریٹر اور پولیس اہلکاران نے وہاں سے ناجائز تجاوزات ہٹائی تاہم انتظامیہ اور مقامی لوگوں کے مابین تصادم بھی ہوا جس کے دوران پولیس نے کارروائی عمل میں لاتے ہوئے مذکورہ معاملہ پر قابو پالیا ۔ناجائز تجاوزات کے اہم مقامات سے ہٹا نے پرمقامی لوگ ، دکانداروں اور عام راہگیروںنے انتظامیہ کی تعریف کی ۔میونسپل کمیٹی کے چیرمین ایڈوکیٹ سنیل کمار شرما نے کہا کہ کمیٹی کی جانب سے ضابطہ کے تحت کاروائی کی گئی تھی۔انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے وہاں تجاوزات کر رکھی ہیں انہوں نے قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کونسلروں پر حملہ کیا ہے تاہم اس سلسلہ میں پولیس اسٹیشن میں معاملہ درج کروایا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔