نائیجر : جنگجوئوں کے حملوں میں 29فوجی ہلاک

یو این آئی

نیامی// نائیجر میں 26 ستمبر سے 2 اکتوبر کے درمیان مشتبہ جنگجوؤں کے حملوں میں 29 فوجی جوانوں کی موت ہوئی اور دو دیگر زخمی ہو گئے ۔نائیجر کی وزارت دفاع نے منگل کے روز یہ اطلاع دی۔ وزارت دفاع نے کہا کہ 26 ستمبر سے 2 اکتوبر تک نائیجر کی دفاعی اور سلامتی دستوں نے مالی سے متصل سرحد پر ملٹری آپریشن کیا۔

جواب میں تبتول کے شمال مشرق میں ایک یونٹ پر سو سے زیادہ عسکریت پسندوں نے حملہ کیا۔ حملے میں دیسی ساختہ بم اور گاڑیاں استعمال کی گئیں۔وزارت دفاع نے نائیجر کے نشریاتی ادارے RTN پر اپنے بیان میں کہا، “ابتدائی معلومات کے مطابق، ہماری طرف سے 29 فوجی شہید اور دو شدید زخمی ہوئے ہیں۔” بہت سے دہشت گرد مارے گئے ، 15 موٹر سائیکلیں تباہ اور دشمن کی جانب سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود قبضے میں لے لیا گیا۔واضح رہے کہ 26 جولائی کو نائیجر میں بغاوت ہوئی تھی اور صدر محمد بازوم کو ان کے محافظوں نے جنرل عبدالرحمن چھیانی کی قیادت میں معزول کر کے حراست میں لے لیا تھا۔مغربی افریقی ریاستوں کی اقتصادی کمیونٹی (ECOWS) نے بغاوت کے بعد، نائیجر کے ساتھ تمام روابط معطل کر دیا اور دھمکی دی کہ اگر باغیوں نے مسٹر بازوم کو بحال نہیں کیا تو فوجی مداخلت کی جائے گی۔