عظمی مانیٹرنگ ڈیسک
میرسیا//اسپین کے شہر مرسیا کے نائٹ کلب میں آگ لگنے سے کم از کم 13 افراد ہلاک ہو گئے اور ملبے تلے لوگوں کے دبے رہنے کے سبب ہلاکتوں میں اب بھی اضافے کا خدشہ ہے۔ جنوب مشرقی اسپین کے شہر مرسیا میں واقع دو منزلہ ٹیٹر نائٹ کلب میں آگ صبح سویرے لگی۔ایمرجنسی سروسز نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس(سابقہ ٹوئٹر) پر بتایا کہ فائر فائٹرز جائے وقوع پر کام جاری رکھے ہوئے ہیں اور انہوں نے مزید متاثرین کی تلاش کو خارج از امکان قرار نہیں دیا۔مرسیا کے میئر جوز بالیستا نے کہا کہ آگ مقامی وقت کے مطابق صبح 6 بجے پر لگی اور یہ انتہائی سنگین نوعیت کی تھی۔بالیستا نے جائے وقوع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملبے سے ابھی بھی لاشیں نکالی جانی ہیں، ملبے کے گرنے کے خطرے کے پیش نظر یہ ایک پیچیدہ کام ہے۔انہوں نے کہا کہ فائر فائٹرز صبح 7 بجے جائے وقوع پر روانہ ہوئے اور صبح 8 بجے تک آگ پر قابو پالیا۔احکام نے بتایا کہ واقعے میں چار افراد زخمی بھی ہوئے جن میں دو خواتین کی عمریں 22 اور 25 سال کے درمیان ہیں جبکہ دو مردوں کی عمریں چالیس سال سے زائد ہیں اور ان سب لوگوں کو دھوئیں کے سانس لینے میں مشکلات کا سامنا ہے۔پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ ہفتہ کی رات کلب میں سالگرہ کی تقریب منعقد کی جا رہی تھی۔