نائجیریا کے ایک گاؤں پر حملہ ،16افراد کی موت

لاگوس// مغربی افریقی ملک نائجیریاکے شمالی کادونا صوبے کے ایک گاؤں میں کچھ مسلح افراد نے حملہ کر دیا جس میں16 افراد کی موت ہو گئی۔ مقامی پولیس نے یہ اطلاع دی۔ پولیس ترجمان نے اس واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کاجورو علاقے کے برد گاؤں میں اتوار کو کچھ مسلح افراد گھس آئے اور اندھا دھند گولیاں چلانا شروع کر دی جس سے 16 افراد کی موت ہو گئی۔ مسٹر سابو نے بتایا کہ اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے فوج کے جوانوں کے ساتھ کئی ٹیمیں بنا کر حملہ آوروں کو پکڑنے اور علاقے میں نظم و نسق بحال کرنے کے لئے مہم شروع کر دی ہے ۔پولیس ترجمان نے بتایا کہ مہم جاری ہے اور حالات قابو میں ہیں ۔ غور طلب ہے کہ نائجیریا کے کادونا صوبے میں حال ہی میں اس طرح کے حملوں میں کافی اضافہ ہوا ہے ۔ کادونا کے ہی کاجورو علاقے میں 15 فروری کو ہوئے ایک حملے میں 130 سے زائد افراد کی موت ہو گئی تھی۔ یو این آئی