نائب وزیر اعلیٰ کا کرگل میں بجلی پروجیکٹوں پر جاری کام کا جائیزہ

کرگل//نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے کرگل قصبہ کے گرد نواح محکمہ مکانات و شہری ترقی اور پاور پروجیکٹوں پر جاری کام کا جائیزہ لیا۔نائب وزیر اعلیٰ نے کرباتھنگ میں20 میگاواٹ ریسوینگ سٹیشن کا معائنہ کیا اور متعلقین کو ہدایت دی کہ وہ لوگوں کو بلا خلل بجلی فراہم کریں۔ڈاکٹر سنگھ نے کربا تھنگ میں9.27 کروڑ روپے کی لاگت والے100 میگاواٹ گرڈ سٹیشن کا بھی معائنہ کیا اور اسے جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی۔انہوں نے3 میگاواٹ اقبال پروجیکٹ کا بھی دورہ کیا اور متعلقہ افسروں کو اسے جلد مکمل کرنے کی بھی ہدایت دی۔ڈیولپمنٹ کمشنر پاور، پی ڈی ڈی اصغر علی مجاز، ایس ای پاور لداخ جی اے میر، ایگزیکٹو انجنیئرس ایم اینڈ آر ای اور دیگر سنیئر افسران بھی نائب وزیر اعلیٰ کے ہمراہ تھے۔اس سے قبل نائب وزیر اعلیٰ نے نئے بس سٹینڈ کرگل کا دورہ کیا اور چھاپڑی فروشوں کے لئے مستقل سٹرکچر بنانے کی ہدایت دی۔