نائب وزیر اعلیٰ، شام اور جُگل کا ریلیف کیمپوں کا دورہ

 جموں //نائب وزیر اعلیٰ کویندر گپتا نے آر ایس پورہ، سچیت گڑھ اور ارنیہ کے کراس بارڈر فائیرنگ سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کر کے ان دیہاتوں میں صورتحال کا جائیزہ لیا۔نائب وزیر اعلیٰ کے ہمراہ پی ایچ ای، آبپاشی کے وزیر شام چودھری، ممبر پارلیمنٹ جگل کشور ارکان قانون سازیہ رویندر رینہ اور گگن بھگت بھی تھے۔کویندر گپتا نے مختلف مقامات پر قائم کئے گئے ریلیف کیمپوں کا دورہ کیا اور وہاں دستیاب سہولیات کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔ انہوں نے متعلقین کو ہدایت دی کہ وہ کیمپوں میں رہ رہے لوگوں کو ہر طرح کی سہولیات بہم پہنچائیں۔وہاں موجود لوگوں نے نائب وزیر اعلیٰ کو اپنے مطالبات سے آگاہ کیا۔کویندر، شام اور جگل نے ریلیف کیمپوں میں رہ رہے لوگوں کو یقین دلایا کہ حکومت انہیں ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مرکز نے پہلے ہی معاوضہ کی رقم ایک لاکھ روپے سے بڑھا کر پانچ لاکھ روپے کر دی ہے۔صوبائی کمشنر جموں ہمنت کمار شرما، آئی جی پی جموں زون ایس ڈی سنگھ، ڈی سی جموں کمار راجیو رنجن اور کئی دیگر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔دریں اثنا نائب وزیر اعلیٰ نے ایس ڈی ایم آفس آر ایس پورہ میں سول اور پولیس انتظامیہ کی ایک میٹنگ کے دوران متاثرہ کنبوں کی مدد کے لئے کئے جارہے اقدامات کا جائیزہ لیا۔