نائب تحصیلدار نے سپلائی سکیموں کا جائزہ لیا

جاوید اقبال
مینڈھر //ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ کی قیادت میں مینڈھر میں لگائے گئے عوامی دربار کے فوراًبعد نائب تحصیلدار چھترال نے مختلف واٹر سپلائی سکیموں کا جائزہ لینے کیلئے علاقہ کا دورہ کیا ۔اس دوران انہوں نے چھترال تا پٹھانہ تیر واٹر سپلائی سکیم پر پانی چلانے کیساتھ ساتھ دیگر سکیموں کو جلدازجلد فعال بنانے کا حکم جاری کیا ۔آفیسرموصوف نے بتایا کہ ضلع انتظامیہ کی ہدایت پر انہوں نے علاقہ میں واٹر سپلائی سکیموں کا معائینہ کیا ۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ جل شکتی کو ہدایت جاری کی گئی کہ جلدازجلد عوام کو پینے کا صاف پانی سپلائی کیا جائے تاکہ رمضان میں ان کی پریشانیاں کم ہو سکیں ۔نائب تحصیلدار چھترال ذاکر حسین نے بتایا کہ بھاٹی دھار واٹر سپلائی سکیم میں تکنیکی خرابی آئی ہے جبکہ اس کے علاوہ محکمہ کو ضروری ہدایت جاری کر دی گئی ہیں جبکہ پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے مزید دورے کئے جائینگے ۔