وارانسی// وزریر اعظم نریندر مودی نے خواتین کو ‘‘ نئے بھارت کے نئے سنسکار’’ کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرنے والی طاقت بتاتے ہوئے جمعہ کو کہا کہ اب وہ باختیاری کے نئے پڑاؤ پر پہنچ گئی ہیں۔ عالمی یوم خواتین کے موقع پر بڑالال پور کے دین دیال ہستکلا سنکل میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت کے ذریعہ کئے گئے چو طرفہ کوششوں کا نتیجہ اب صاف صاف دکھائی دینے لگا ہے ۔ شہری اور دیہی علاقوں میں ماں کو ایک نئی شناخت ملی ہے ۔ بیٹیاں ‘‘فائٹر جیٹ سے لیکر سمندر کے ساحل پر دفاعی شعبے میں تیزی سے اپنی صلاحیت کا لوہا منوا رہی ہیں۔ انہوں نے عالمی یوم خواتین کو ‘‘فخر کا دن’’ بتاتے ہوئے کہا کہ آج وارانسی کے بابت پور واقع لال بہادر شاستری انٹرنیشنل ائیر پورٹ اور مدھیہ پردیش میں ایک ٹرین کے چلانے کی پوری ذمہ داری خواتین نے سنبھالی ہے ۔ اس سے پہلے بھی کئی مواقع پر خواتین نے اسی طرح سے اپنی طاقت و صلاحیت کا مظاہرہ کیا ہے ۔ مسٹر مودی نے کہا کہ خواتین کو باختیار بنانے کے لئے معاشی، تعلیمی، سماجی اور قانونی سمیت ہر پہلو پر دھیان میں رکھتے ہوئے ان کی حکومت نے متعدد مہم چلائے ہیں۔ شہری اور دیہی علاقوں کی خواتین کواپنی مدد آپ ٹیم سے معاشی طور سے مضبوط بنانے کی کوشش میں کئی قدم اٹھائے گئے ہیں۔ بیٹی بچاو۔بیٹی پڑھاؤ مہم سے لڑکیوں کے تعلیم کے تئیں کافی بیداری آئی ہے اور اب ہرکوئی تعلیم کی اہمیت کو سمجھنے کے ساتھ ہی اپنے بچوں کو اسکول بھیجنے لگا ہے ۔ بیٹیوں کے تئیں سماج کا نظریہ بدلا ہے ۔ قانونی طور سے بھی خواتین کو ترجیح دی گئی ہے ۔ سرکاری اسکیموں میں انہیں اولین ترجیح دی جارہی ہے ۔ ان کے نام پر مکان اوردیگر اثاثوں کی رجسٹری کو ترجیح دینے کی تجویز کو منظوری دی گئی ہے ۔ خواتین کی سیکورٹی کو یقینی بناتے ہوئے شرپسند و سماج دشمن عناصر کو پھانسی دینے کی تجویز کو قانون میں جگہ دی گئی ہے ۔ مسٹر مودی نے ‘‘ وارانسی’’ کو خواتین کی باختیاری کا مظہر گردانتے ہوئے جھانسی کی رانی، کنی کارنکا اور اہلیا بائی کو یاد کیا۔ انہوں نے کہا کہ جھانسی کی رانی نے غلامی کی بیڑیوں سے جکڑے ملک کو آزاد کرایا تھا۔ اہلیا بائی نے کاشی وشوناتھ مندر کی توسیع کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو باختیار بنانے کے لئے حکومت کی جانب سے کئے گئے اقدام کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ‘‘ سیلف ہلپ’’ اسکیم کے تحت چار سالوں میں 44 ہزار کروڑ روپئے کی مالی تعاون دی گئی ہے ۔ جبکہ گذشتہ حکومت کے دوران پانچ سالوں میں 23 ہزار کروڑ روپئے دئے گئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں چھ کروڑ سیلف ہیلپ گروپ ہیں جسے آنے والے وقت میں آٹھ سے دس کروڑ تک کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت کے ان کوششوں سے خواتین نا صرف اپنے کنبہ کی مدد کرنے کی اہل ہوئی ہیں بلکہ ملک کو بھی استحکام کی جانب لے جانے میں اہم کردار ادا کرر ہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت نے 6 کروڑ دیہی خواتین کو مالی مدد دے کر مضبوط بنانے میں تعاون کیا ہے جس کی نتیجہ اب دکھائی دینے لگا ہے ۔ مسٹر مودی نے خواتین کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنی کوششوں میں مزید تیزی لانے کی ضرورت ہے تاکہ 2022 تک ملک سے غریبی کو ختم کیا جاسکے ۔ یواین آئی۔
مودی نے شری کاشی وشوناتھ مندر کوریڈور کا سنگ بنیاد رکھا
وارانسی // وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کے روز قدیم شری کا شی وشونا تھ مند ر میں پوجا کی اور یہاں سے گنگا کے ساحل تک جانے والے اہم کوریڈور تعمیری منصوبے کا سنگ بنیا د رکھا ۔ وزیر اعظم اپنے تقریبا تین گھنٹے کے یک روزہ دورے کا آغاز بابا بھولے ناتھ کی پوجا کے ساتھ کیا ۔ وشوناتھ سے پوجا کے بعد انہوں نے مندر حاطہ کے نزدیک بھومی پوجن کیا اور پانچ خاص اینٹوں کی بنیاد رکھ کر شری کاشی وشوناتھ مندر کوریڈور کا سنگ بنیاد رکھا۔ انہوں نے ‘ وشونا تھ دھام ’ ، سنگ بنیاد اور 8.3.2019 کندہ شدہ پانچ اینٹوں کی بنیا د رکھ کر تعمیراتی کا م کا آغاز کیا ۔ وزیر اعظم کے طور پر مسٹر مودی کا یہاں پر 19 واں دورہ ہے ۔ وزیر اعظم مودی کے اہم منصوبوں میں شامل شری کاشی وشوناتھ مندر کوریڈور تعمیر کے مد نظر اترپردیش حکومت نے 600 کروڑ روپے منظور کئے تھے ۔ اس رقم میں سے 290 کروڑ روپے مندر انتظامیہ کو جاری کئے جا چکے ہیں۔ انتظامیہ نے کوریڈور کے لئے نشاند ہ 296 مکانوں میں سے 235 خریدلیے ہیں، جبکہ باقی کے لئے کام جا ری ہے ۔ مندر انتظامیہ کی طرف سے خریدے گئے زیادہ تر مکان منہدم کر دیے گئے ہیں۔ پرانے مکانوں کومنہدم کرنے کے بعد متعدد قدیمی مندر آسانی سے دکھائی دینے لگے ہیں۔ کوریڈور تعمیر کے بعد شری کاشی وشوناتھ مندر سے دشاشومیدھ گھاٹ پر ہر سال آنے والے کروڑوں ملکی و غیر ملکی عقیدت مندوں کی آمد ورفت میں اضافہ ہونے کی توقع ہے ۔ یو این آئی