سرینگر//جموں اینڈ کشمیر سٹیٹ جوڈیشل اکیڈیمی نے سٹیٹ جوڈیشل اکیڈیمی کمپلیکس مومن آباد سرینگر میں نئے وکلأ کے لئے حلف برداری کا اہتمام کیا ۔ ڈائریکٹر سٹیٹ جوڈیشل اکیڈیمی نے تقریب کو متعارف کیا ۔ قائمقام چیف جسٹس ، جسٹس راما لنگم نے نئے وکلأ کو حلف دلایا اور تقریب سے خطاب کیا۔انہوں نے وکلأ سے تاکید کی کہ وہ قانونی پیشے میں اپنا صحیح مقام حاصل کرنے کے لئے تن دہی اور لگن کے ساتھ کام کر یں۔ جسٹس راما لنگم نے کہاکہ صبر اور سنجیدگی کے علاوہ عدالت کے لئے احترام ایک اچھے اور قابل وکیل کی کامیابی کی علامت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست جموں وکشمیر میں پہلی بار سینئر وکلأ ، اور لأ فیکلٹی کی طرف سے نئے وکلأ کے لئے باقاعدگی کے ساتھ پر وگراموں کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ وہ اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور کارکردگی میں اضافہ کرسکیں ۔ اس موقعہ پر پیٹرن اِن چیف اور قائمقام چیف جسٹس نے منعقدہ پروگرام کا خاکہ پیش کیا جوکہ جموں اور سرینگر میں 12 مئی کو شروع ہو رہا ہے تقریباً 54 وکلأ نے پروگرام میں شرکت کرنے کی حامی بھری۔
نئے وکلاء کیلئے حلف برداری کا اہتمام
