نئے سیاحتی مقامات تلاش کریں

 جھیل ڈل میں جلد کروز بوٹ شروع کئے جائیں گے

سرینگر // لیفٹیننٹ گورنر نے محکمہ سیاحت کے ایک اجلاس کے دوران جموں و کشمیر میں سیاحت کے شعبے کو فروغ دینے اور نئے سیاحتی مقامات کی نشاندہی کرنے کیلئے مستقبل کے جامع منصوبے کی تیاری کے لئے ہدایات دیں۔سول سیکرٹریٹ میں محکمہ سیاحت کے ایک جائزہ اجلاس کے دوران لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموں وکشمیر کو قدرت نے خوبصورت اور دلکش بنایا ہے اور یہاں بڑی تعداد میں سیاح سیر کیلئے آتے ہیں ۔انہوں نے محکمہ سیاحت کے افسران سے کہا کہ وہ UT میں مختلف ٹورسٹ سرکٹس تیار کریں ، ایڈونچر ٹورزم ، ٹریکنگ کی سرگرمیوں ، زیارت گاہوں ، واٹر اسپورٹس اور دیگر مشہور منصوبوں پر خصوصی توجہ دیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے سیاحوں کی آسان رسائی کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا  ۔انہوں نے سیاحوں کیلئے مناسب موبائل رابطے ، اے ٹی ایم اور دیگر ضروری سہولیات پر بھی زور دیا تاکہ یہاں آنے میں انہیں کوئی پریشانی نہ ہو ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ سیاحت کے بنیادی ڈھانچے کے مکمل استعمال کیلئے دیگر ایجنسیوں کے ساتھ ہم آہنگی کرکے جدید ترین سہولیات تیار کریں تاکہ ماتا واشنو دیوی اور دیگر مذہبی مقامات پر زیارت کیلئے آنے والے سیاحوں کو پریشانی نہ ہو ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے سیاحت کے اثاثوں کی مناسب دیکھ بھال کی بھی ہدایت دی ۔ دور دراز علاقوں میں واقع سیاحتی مقامات کی ترقی کے لئے لیفٹیننٹ گورنر نے ہدایت کی کہ وہ سیاحوں کی سہولت کیلئے کنورڑن موڈ کے ذریعے بنیادی ڈھانچہ تعمیر کریں۔ انہوں نے محکمہ سیاحت کو یہ ہدایات بھی دیں کہ وہ سیاحوں کی سہولت کیلئے اپنی ویب سائٹوں کو باقاعدگی سے اپڈیٹ کریں ۔میٹنگ میں ایڈمنسٹریٹری سیکرٹری سرمد حفیظ کے علاوہ دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے ۔