سرینگر//تعمیرات عامہ کے وزیر نعیم اختر نے ریاست میں بہتر رابطوں کے ذریعے اقتصادی مواقع کو بڑھاوا دینے کے لئے محکمہ کے موجودہ مالی سال کے سالانہ ترقیاتی منصوبے کا ایک میٹنگ کے دوران جائیزہ لیا۔پچھلے برس ریاست نے بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں نئے ریکارڈ قائم کئے تھے۔ وزیر موصوف نے کہا کہ ریاست کے انجنیئروں اور ورکروں نے مختلف سکیموں کے تحت کافی سڑکوں پر تار کول بچھایا۔ انہوں نے کہا کہ رواں برس کے دوران بھی حکومت ترقیاتی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کی وعدہ بند ہے۔وزیر موصوف نے کہا کہ ریاست وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی قیادت میں ترقی و خوشحالی کے ایک نئے دور میں داخؒ ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقتصادی بدلاؤ کی بدولت ریاست کے لوگوں کی مشکلات کو حل کرنے میں مدد ملے گی۔میٹنگ کے دوران وزیر کو محکمہ کی جانب سے ہاتھ میں لئے گئے رابطہ پروجیکٹوں کے بارے میں جانکاری دی گئی جن میں پُرانی سڑکوں پر تار کول بچھانا اور رواں برس کے دوران نئے پُل اور سڑکیں تعمیر کرنا شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ آر اینڈ بی سیکٹر میں مختلف سکیموں کے تحت کئی پروجیکٹ عملائے جارہے ہیں۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ شاہراؤں اور سڑک ٹرانسپورٹ کی مرکزی وزارت نے ریاست کے لئے رواں برس کے دوران67 نئے پروجیکٹ سی آر ایف کے تحت منظور کئے ہیں۔ اسی طرح نبارڈ کے تحت128 نئے پروجیکٹ بشمول11 پُل بھی ریاست کے لئے منظور کئے گئے ہیں۔میٹنگ کے د وران ٹھیکہ داروں کے مسائل کو بھی زیر بحث لایا گیا۔میٹنگ میں وزیر خزانہ سید محمد الطاف بخاری، وزیر مملکت پی ڈبلیو ڈی شکتی راج پریہار، چیف سیکرٹری بی بی ویاس، کمشنر سیکرٹری پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ سنجیو ورما، پرنسپل سیکرٹری خزانہ نوین چودھری، پرنسپل سیکرٹری پلاننگ وترقی، چیف انجنیئر آر اینڈ بی کے علاوہ خزانہ اور پی ڈبلیو ڈی کے افسران بھی موجود تھے۔