نئے سائبر پولیس سٹیشن کے کام کاج کا آغاز

سرینگر//تحقیقاتی ایجنسیوں کے ذریعے فارنسک سائنس میں جدید تکنیک بروئے کار لانے پر زور دیتے ہوئے ریاستی پولیس کے سربراہ کے راجندرا نے کہا ہے کہ ریاست فارنسک سائنس لیبارٹری کیسوں کی تیز تر تحقیقات کے لئے کافی اہم رول ادا کرتی ہے۔ان باتوں کا اظہار انہوں نے ایف ایس ایل ہیڈکوارٹر بمنہ میں نئے سائبر پولیس سٹیشن اور اس سے منسلک ڈی این اے اور سائبر فارنسک لیبارٹریوں کی شروعات کرنے کے بعد کیا۔ اس موقعہ پر انہوںنے کہا کہ مستقبل میں ان لیبارٹریوں کے رول کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں پوری طرح سے کار گر بنانے کی ضرورت ہے ۔ انہوںنے کہا کہ جرائم کی نشاندہی اور ان پر قابو پانا ریاستی پولیس کی سب سے بڑی ذمہ داری ہے اور اس سلسلے میں یہ لیبارٹری کافی اہم کام کرتی ہے۔انہوںنے کہا کہ مجرم سماج کے پُر امن ماحول کے لئے خطرہ ہے اور جرم ہی تمام برائیوں کی جڑ ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاستی پولیس کو تمام محاذوں پر جدیدخطوط پر استوار کرنے کے لئے کام جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں مجرم چالاکی اختیار کرتے ہیں ۔اس لئے تحقیقاتی ایجنسیوں کو بھی اپنے عملے کو جدید تکنیکوں سے آشنا کرنا چاہئے تاکہ تحقیقات کا عمل موثر بن سکے ۔اس موقعہ پر انہوں نے سپیشل ڈی جی کواڈنیشن ڈاکٹر ایس پی وید کے ہمراہ لیبارٹریوں کا معائینہ کر کے افسران کے ساتھ پیشہ ورانہ مہارت پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے افسران کو جدید سازو سامان کا بہتر استعمال کر کے اس سے فائدہ اٹھانے کی تلقین کی۔ تقریب پر اے ڈیز جی پی دلباغ سنگھ اور ایل موہنتی ، آئی ایس جی پی ایچ کے لوہیا اور ایم اے گنائی ،ڈائریکٹر ایس ایس جی ایس اے مجتبیٰ کے علاوہ دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔