عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی // نئی دہلی میں جمعہ کومنعقدہ ایک میٹنگ میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بجلی اور نئی اور قابل تجدید توانائی کے وزیر آر کے سنگھ سے جموں و کشمیر میں پاور سیکٹر کا جائزہ لینے کے لیے ملاقات کی۔میٹنگ کے دوران منوج سنہا نے سردیوں کے موسم میں متوقع 1,380 میگاواٹ کے خسارے کو پورا کرنے کے لیے اضافی بجلی کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔سنگھ نے یقین دلایا کہ مرکزی پول سے خلا کو پر کرنے اور جموں و کشمیر کے لوگوں کو بجلی کی مناسب فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔مرکزی وزیر بجلی نے کہا کہ وزارت کا ایک سینئر آفیسر نوڈل آفیسر کے طور پر کام کرے گا جو بجلی کی صورتحال کی مسلسل نگرانی اور جموں و کشمیر کو مناسب بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے سینٹرل پول سے کسی بھی خلا کو دور کرنے کے لئے ذمہ دار ہوگا۔
مرکزی وزیر نے منصوبے پر عملدرآمد کرنے والی ایجنسی آر ای سی پی ڈی سی ایل کو سمارٹ میٹنگ کو تیزی سے عملانے کی ہدایت دی جس میں ایم ڈی ایم کے ساتھ انضمام سمیت اِختتامی حل کو یقینی بنانا، پری پیڈ فعالیت اور دیگر سمارٹ فیچروںکو فعال بنانا تاکہ ٹیکنالوجی کے فوائد مؤثر طریقے سے صارفین تک پہنچ سکیں۔میٹنگ کو بتایا گیا کہ جموں و کشمیر نے قلیل مدتی اور درمیانی مدت کے اَقدامات کے ایک حصے کے طور پر بجلی کی کافی دستیابی کو یقینی بنانے کے لئے بہت سے فعال اقدامات کئے ہیں۔ اس سمت میں رواں برس کے دوران 2,500 میگاواٹ کے(بجلی خریداری معاہدے ) پر دستخط کئے گئے ہیں جس کا مقصد آنے والے برسوں میں جموںوکشمیر یوٹی کے لئے موجودہ بجلی کی دستیابی کو دوگنا کرنا ہے۔دورانِ میٹنگ سمارٹ میٹرنگ ایک اہم بحث کے نقطہ کے طور پر ابھرکر سامنے آئی۔لیفٹیننٹ گورنر نے وزیر کو متروک تاروں اور نیٹ ورک کے دیگر عناصر کے جاری رکھنے کے بارے میں آگاہ کیا بالخصوص دیہی علاقوں میںجو بجلی کی غیر ضروری رکاوٹوں کا سبب بنتے ہیں۔ وزیر موصوف نے اس کے لئے ایک جامع تجویز پر زور دیا اور نظام کی اِصلاح کے لئے خاطر خواہ فنڈنگ کی یقین دہانی کی۔تکنیکی امور کے علاوہ میٹنگ کی ایک قابل ذِکر بات یہ تھی کہ مرکزی وزیر برائے پاور اور جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر کے ذریعے 4اِی ویو۔ اے سٹوڈنٹ لیڈ نیشنل موومنٹ فار اَنرجی کنزرویشن کا آغاز کیا گیا۔گورنمنٹ کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (جی سی ای ٹی)جموں کے طلباء سے شروع ہونے والی یہ نوجوانوں کی قیادت والی تحریک جو جموں و کشمیر پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ اور بیورو آف انرجی ایفیشینسی (بی ای ای)، وزارت توانائی کے تعاون سے شروع کی گئی ہے، مرکزی حکومت ملک بھر کے افراد کو توانائی کے تحفظ کے اہم مقصد میں حصہ لینے کے لئے مدعو کرتی ہے۔4 اِی ویو کی افتتاحی تقریب کے دوران معززین نے ویب پورٹل کی بھی نقاب کشائی کی جو ملک بھر میں شہریوں کو توانائی کے تحفظ سے متعلق معلومات اور وسائل کے تبادلے کے لئے ایک انٹرایکٹیو پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔