نئی دلی میں جی 20سربراہی اجلاس آج سے شروع عالمی سربراہان کی بیٹھک تیار

 وزیر اعظم کا2دن تک 15سربراہان مملکت سے ملاقاتوں کا شیڈول طے

 

 

نئی دہلی //راجدھانی ہفتے سے 18ویں جی 20 سربراہی اجلاس کی میزبانی کے لیے تیار ہے، جس میں 25 سے زیادہ عالمی رہنما اور ان کے ساتھ آنے والے مندوبین کی موجودگی کا مشاہدہ کیا جائے گا۔ امریکی صدر جو بائیڈن اس تاریخی تقریب میں شرکت کے لیے ہفتے کی شام ہندوستان پہنچے۔ ائیر فورس ون میں امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان، ڈپٹی چیف آف اسٹاف جین او میلے ڈلن، اور اوول آفس آپریشنز کی ڈائریکٹر اینی ٹوماسینی شامل تھیں۔راجدھانی میں20سربراہی اجلاس کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔سمٹ میں شرکت کرنے والوں کی ایک متاثر کن فہرست ہے۔اس میں امریکی صدر کے علاوہ فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون، آسٹریلیا کے وزیر اعظم انتھونی البانی، جرمن چانسلر اولاف شولز، برطانیہ کے وزیر اعظم رشی سنک، جاپانی وزیر اعظم فومیو کشیدا، اور برازیل کے صدر لوئیز اناسیو لولا دا سلوا شامل ہیں۔

 

 

اسکے علاوہ عوامی جمہوریہ چین کے وزیر اعظم لی کیانگ، اٹلی کی وزیر اعظم، بنگلہ دیش کی وزیر اعظم اور مارشیس کے وزیر اعظم،مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی ،جنوبی کوریا کے صدر یون سک یول ،عمان کے نائب وزیر اعظم اسد بن طارق بن تیمور السید،عمان کے وزیر اعظم ہیثم بن طارق السید،روسی وزیر خارجہ سرگئی لاور،اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس ،جنوبی افریقہ کے صدر سیرل رامافوسا،ترکی کے صدر رجب طیب اردگان،کینیڈین،وزیراعظم جسٹن ٹروڈو،متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان شامل ہیں۔10 ستمبر کو، وزیر اعظم نریندر مودی برازیل کے صدر لولا کو جی 20 کی صدارت سونپنے کی رسم اداکریں گے، جو کہ 1 دسمبر سے شروع ہونے والے جی 20 کی صدارت کے طور پر برازیل کی مدت کا باضابطہ آغاز کریں گے۔اس دوران وزیراعظم مودی کی مختلف عالمی لیڈروں کیساتھ مصروفیات کاآغاز بھی ہوگیاہے ۔ شیڈول کے مطابق جی20سربراہی اجلاس کے دوران وزیراعظم نریندر مودی تقریباً15ممالک کے سربراہان اور لیڈروں کیساتھ دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے ۔جن میں امریکی صدر جوبائیڈن،برطانیہ ،جاپان،جرمنی اوراٹلی کے سربراہان حکومت شامل ہیں۔ اجلاس کے آخری دن10ستمبر کووزیراعظم مودی فرانسیسی صدرایمانوئل میکرون کیساتھ ورکنگ لنچ میٹنگ کریں گے ۔اسکے علاوہ وزیراعظم کینیڈا کے وزیراعظم اورترکی ،متحدہ عرب امارات،جنوبی کوریا،یورپی یونین ،برازیل اور نائجیریاکے لیڈروں کیساتھ دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے ۔ امریکی صدر بائیڈن نے جمعہ کی شام نیویارک سے نئی دہلی پہنچنے کے فوراً بعد وزیراعظم مودی کیساتھ ملاقات کی۔مزید برآں وزیراعظم نے ،جمعہ کوہی بنگلہ دیشن کی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد اورموریشس کے وزیراعظم کمار جگناتھ کیساتھ بھی دوطرفہ ملاقاتیںکیں ۔