نئی بستی پونچھ میں پینے کے پانی کی قلت

پونچھ// محلہ نئی بستی پونچھ میں گذشتہ کئی دنوں سے پینے کے پانی کی سپلائی نہیں ہو رہی ہے جس کے نتیجے میں مقامی لوگوں کو سخت پریشانی کا سامنا ہے ۔مقامی آبادی نے بتایا کہ محلہ میں پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے سردیوں کے ان ایام میں انہیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ تمام نل خشک ہیں ۔محلہ کے خواتین کا الزام ہے کہ محکمہ جل شکتی علاقے میں پانی کی سپلائی بحال کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے۔انہوں نے بتایا کہ علاقے میں پچھلے کئی روز سے پینے کے صاف پانی کی قلت سے ہاہاکار مچی ہوئی ہے اور لوگوں کو پینے کیلئے پانی کا ایک صاف قطرہ بھی دستیاب نہیں ہے ۔ سرلا دیوی نامی ایک مقامی خاتون نے بتایا کہ محلہ نئی بستی میں اکثریت صفائی کرمچاریوں کی ہے جنہیں گھر کے استعمال کیلئے پانی دوسرے محلوں میں جا کر لوگوں سے مانگ کر لانا پڑ رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پانی کے ٹینکر خردینے کیلئے موٹی موٹی رقومات کی ضرورت پڑتی ہے جو محلہ کے صفائی کرمچاریوں کے پاس نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ پی ایچ ای کی نوٹس میں بھی یہ معاملہ لایا گیاتاہم آج تک پانی کی سپلائی بحال نہیں کی گئی۔لوگوں نے محکمہ جل شکتی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس جانب خصوصی دھیان دیں تاکہ لوگوں کو مشکلا ت کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔