’میں ہونہار ہوں‘

ہارون میں بچوں کیلئے تین ماہ کے سکل ڈیولپمنٹ تربیتی پروگرام کا آغاز

سری نگر//ریاستی ہائی کورٹ کی چیف جسٹس، جسٹس گیتا مِتل نے کل ہارون سری نگر میںنوجوانوںکے لئے ’’ میں ہونہار ہوں‘‘ نامی پہلے تربیتی پروگرام کا آغاز کیا۔اس تربیتی پروگرام کا انعقاد سٹیٹ لیگل سروسز اتھارٹی اور سٹیٹ مشن ڈائریکٹوریٹ آئی سی پی ایس نے پریمیرو سکل ڈیولپمنٹ اینڈ ٹریننگ لمٹیڈ نئی دلی کے اشتراک سے چیف جسٹس کی رہنمائی میں کیا ہے۔اس پروگرام میں ملحقہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے کافی تعداد میں بچوں نے خاصی دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔ اپنے خطاب میں چیف جسٹس نے کہا کہ اس تربیتی پروگرام نہ صرف بچوں بلکہ پورے سماج کو فائدہ حاصل ہوگا۔جسٹس مِتل نے کہا کہ نیشنل سکل ڈیولپمنٹ کونسل کے بہترین تربیت کاروں کی اس پروگرام میں شرکت ایک خوش آئند بات ہے اور وہ بچوں کو مختلف ہنروں کی تربیت دے رہے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ بچوں کے ساتھ انصاف کرنے کے لئے لازمی ہے کہ اُنہیں اپنی صلاحیتوںکا بھرپور مظاہرہ کرنے کا موقعہ دیا جانا چاہیئے۔ ایگزیکٹیو چیئرمین سٹیٹ لیگل سروسز اتھارٹی جموں وکشمیر ، جسٹس راجیش بندل نے کہا کہ اس طرح کے ہنرمندی پروگراموں کی بدولت بچوں کے ہنروں میں اضافہ ہوگا اور ریاست میں افرادی قوت کے معیار میں بھی بہتری آئے گی۔جسٹس بندل نے کہا کہ سیاحتی شعبے کی اہمیت کو ملحوظ نظر رکھتے ہوئے بچوں کے لئے تین ماہ کا تربیتی پروگرام اُن کے لئے کافی سود مند ثابت ہوگا اور وہ آگے جا کر آسانی سے اپنا روزگار کما سکیں گے۔ریاستی ہائی کورٹ کے جج علی محمد ماگر ے نے خطاب کرتے ہوئے بچوں پر زور دیا کہ ہنرمندی تربیتی پروگرام کے بھرپور استفادہ کریں۔ چیف جسٹس ، جسٹس گیتا مِتل کے رول کو سراہتے ہوئے جسٹس ماگرے نے کہا کہ عدلیہ کے رول کو وسعت حاصل ہوئی ہے اور اب یہ ضرورت مندوں کی دہلیز تک پہنچ کر اُن کی راحت رسانی کرتی ہے۔ پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج سری نگر عبدالرشید ملک نے سکل ڈیولپمنٹ سینٹر قائم کرنے کا تصور سامنے لانے کے لئے چیف جسٹس کا شکریہ ادا کیا۔اُنہوں نے ٹرینروں پر زور دیا کہ وہ اس انداز سے بچوں کو تربیت دیں تاکہ وہ مساوی بنیادوں پر فائدہ حاصل کرسکیں َممبرسیکرٹری ایس ایل ایس اے محمد اکبر چودھری ،رجسٹرار جنرل سنجے دھر ،رجسٹرار ویجی لنس آر کے واتل ، چیف جسٹس کے پرنسپل سیکرٹری جواد احمد ، آئی جی پی کشمیر ایس پی پانی ،ڈی سی سری نگر شاہد اقبال چودھری ، سٹیٹ مشن ڈائریکٹر جی اے صوفی ،ڈائریکٹر پریمیرو سکل ڈیولپمنٹ اینڈ ٹریننگ لمٹیڈ جینتا داس ، ڈی جی پی یوٹی چنڈی گڈھ سنجے بنیوال، سینئر آفیسر پریمیرو سکل ڈیولپمنٹ اینڈ ٹریننگ لمٹیڈ سرجیت رائے اور کئی دیگر اہم شخصیات بھی اس موقعہ پر موجود تھیں۔