تھنہ منڈی //سب ڈویژن تھنہ منڈی کے میگی موڑ علاقے میں بھاری لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے دو طرفہ ٹریفک بری طرح متاثر ہو کر رہ گئی ہے۔ اس سلسلے میں جب دھرم راج کنسٹرکشن کمپنی کے ٹھیکیدار سے بات ہوئی تو انہوں نے کہا کہ بھاری لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے روڈ پہ بڑی مقدار میں ملبہ گر آیا ہے جسے اٹھانے کے لئے ان کے پاس جگہ دستیاب نہیں ہے کیونکہ محکمہ جنگلات نے جنگلی علاقے میں ملبہ ڈالنے سے انکار کر دیا ہے۔ عوام نے تحصیل انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ اس سلسلے میں ضروری اقدامات کرے تاکہ درماندہ مسافروں کو فوری راحت پہنچائی جا سکے۔ مقامی لوگوں کے مطابق گزشتہ کئی روز سے سب ڈویژن تھنہ منڈی کے مختلف علاقوں میں مغل شاہراہ پر جاری کام کی وجہ سے کئی کئی گھنٹوں تک ٹریفک جام رہتا ہے لیکن کوئی پرسان حال نہیں۔ وہیں تھنہ منڈی کے منیال گلی سے متصل علاقے میگی موڑ میں کئی گھنٹوں تک ٹریفک جام رہا جس کی وجہ سے لوگوں کو سخت ترین سردی میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ڈرائیوروں اور مسافروں نے روزنامہ کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ ہمیں خوشی ہے کہ راجوری سے بفلیاز مغل روڈ کی تعمیر کا عمل شد و مد سے جاری ہے لیکن جس طرح سے تعمیراتی کمپنی کام کررہی ہے وہ تھنہ- راجوری یا تھنہ- بفلیاز آنے جانے والے مسافروں خاص کر ملازمین ، بیماروں اور طلبہ کے لئے مکمل طور پر پریشانی کا باعث بنا ہوا ہے جس کی وجہ سے گاڑیوں کی نقل و حرکت مکمل طور پر متاثر ہو کر رہ گئی ہے اس دوران گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ جاتی ہیں۔ اور مسافروں اور دوسرے راہگیروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔اس موقع پر مسافروں نے یو ٹی انتظامیہ اور ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ گاڑیوں کی آمدورفت کے سلسلے میں کوئی اہم اقدامات کریں تاکہ شدید سردی کے اس موسم میں مسافروں اور راہگیروں کو کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔