میکسیکو سرحد پر دیوار کی تعمیر کیلئے عارضی معاہدہ

واشنگٹن// امریکی قانون سازوں نے ایک اور شٹ ڈاؤن سے بچاؤ کے لیے میکسیکو کی سرحد کیساتھ دیوار کی تعمیر کے لیے ایک ارب 40 کروڑ ڈالر کی فنڈنگ کے معاہدے کا اعلان کیا ہے۔ خبر رساں ادارے کے مطابق یہ رقم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مطلوبہ رقم سے بہت کم ہے، انہوں نے دیوار کی فنڈنگ کے لیے 5 ارب 70 کروڑ ڈالر کا مطالبہ کیا تھا۔ اگر یہ معاہدہ منظور ہوجاتا ہے تو اس سے ایک نئے تنازع کا خدشہ ہے کیونکہ ڈونلڈ ٹرمپ نے دیوار کے لیے مطلوبہ فنڈنگ منظور نہ ہونے کی صورت میں 15 فروری سے حکومت کے بجٹ میں کٹوتی کی دھمکی دی تھی۔ سینیٹر رچرڈ شیلبے نے صحافیوں کو بتایا کہ ری پبلکن اور ڈیموکریٹک جماعتوں سے تعلق رکھنے والے قانون سازوں نے ایک معاہدے پر اتفاق کیا ہے۔ کانگریس کے سینئر ارکان نے اے ایف پی کو بتایا کہ معاہدے میں میکسیکو سے ملحقہ بارڈر پر دیوار بنانے کے لیے ایک ارب 37 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی فنڈنگ شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ معاہدے میں اتفاق کی گئی رقم سے صرف 55 میل (89 کلومیٹر ) تک تعمیراتی اخراجات ہوں گے،جوکہ جنوبی ٹیکساس کے علاقے ریو گرینڈ تک ہی دیوار کی تعمیر میں مدد دے گی۔ امریکی قانون سازوں کی جانب سے اتفاق کیے گئے اس معاہدے پر تاحال وائٹ ہاؤس کی منظوری کا انتظار ہے۔ ٹیکساس کے شہر ایل پاسو میں خطاب کے دوران اس معاہدے سے متعلق سوال کے جواب پر امریکی صدر نے کہا کہ ان کے پاس اس حوالے سے تفصیلات موجود نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’ شاید کوئی اچھی خبر ہو لیکن کون جانتا ہے‘۔ ایل پاسو میں ہزاروں افراد سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ’ ہمیں دیوار کی ضرورت ہے، اس کی تعمیر ہونی چاہیے اور ہم اسے جلد تعمیر کرنا چاہتے ہیں‘۔ خطاب میں شریک اکثر افراد نے ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارتی مہم کی کیپ پہنی ہوئی تھیں جس پر ’ میک امریکا گریٹ اگین ‘ تحریر تھا۔ میکسکو کی سرحد پر دیوار کی تعمیر کا تنازع 2020 میں ڈونلڈ ٹرمپ کے دوبارہ منتخب ہونے کی ابتدائی جنگ ہے اور ایل پاسو میں ان کی ریلی سے مستقبل میں پیش آنے والے حالات کی ایک جھلک دکھائی دی۔ انہوں نے کہا کہ ’دیواریں زندگیاں بچاتی ہیں، دیواریں ایک بڑی تعداد میں زندگیاں بچاتی ہیں‘۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے اس دیوار کو ایک تاریخی کراسنگ پوائنٹ کے طور پر منتخب کیا جس حوالے سے ان کا کہنا ہے کہ دیواروں کی وجہ سے میکسیکو کے مجرموں کی نقل و حرکت میں کامیاب کمی آئی ہے۔ امریکی صدر کے انتخاب کے دائیں اور بائیں جماعتوں کے درمیان جاری کشیدگی میں دیوار پر جاری بحث کی وجہ سے شدید اضافہ ہوا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ میکسکو کے شہر سیوداد خواریز سے باڑ لگا کر علیحدہ کرنے کی وجہ سے جرائم میں ڈرامائی کمی آئی۔ تاہم ایل پاسو کے میئر ڈی مارگو کا کہنا تھا کہ ’ یہ بات حقیقت میں درست نہیں،ہم پہلے بھی محفوظ تھے اور بعد میں بھی‘۔ انہوں نے کہا کہ ’ باڑ کی وجہ سے بعض مجرمانہ سرگرمیوں سے متعلق مدد ملی ہے لیکن ہمارے محفوظ ہونے کی بنیادی وجہ سے ہماری پولیس فورس اور پبلک سیفٹی ہے‘۔