میڈیکل کالجوں میں بہت جلد بی فارما اور ڈی فارما کورسز شروع ہوں گے: ڈاکٹر منیال

سرینگر//صحت و طبی تعلیم کے وزیر ڈاکٹر دیوندر کمار منیال نے کہا ہے حکومت ریاست کے تمام میڈیکل کالجوںمیں بہت جلد بی فارمہ اور ڈی فارمہ کورسز شروع کرنے جارہی ہے تا کہ طلاب مستفید ہوسکیں۔اس بات کا اظہار وزیر نے ایک میٹنگ کے دوران جے اینڈ کے سٹیٹ پیرا میڈیکل کونسل کی( ایس پی ایم سی) کارکردگی کاجائیزہ لینے کے دوران کیا۔میٹنگ میں پرنسپل سیکریٹری صحت و طبی تعلیم پون کوتوال، ڈی جی ہیلتھ سروسز کشمیر ڈاکٹر سلیم الرحمان، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز جموں ، جی ایم سی کے پرنسپل صاحبان، سینئر ڈاکٹر اور افسران موجود تھے۔ افسروں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ ان اداروں کے بنیادی ڈھانچے کو میڈیکل کونسل آف انڈیا کے رہنما خطوط کے مطابق ترقی دینی چاہئے۔ڈاکٹر منیال نے افسروں کو یقین دلایا کہ حکومت میڈیکل کالجوں کے بنیادی ڈھانچے کو قائم کرنے کے لئے بھرپور تعاون دے گی۔