میڈیکل سنٹر سے عملہ اٹیچ کرنے کے خلاف مظاہرہ

راجوری / / ضلع کے تحصیل کوٹرنکہ کے موضع کنگوٹہ کے مکینوں نے موضع کے میڈیکل سب ۔ سنٹر سے عملہ کو اٹیچ کرنے کے خلاف محکمہ صحت کے خلاف ایک زور دار احتجاجی مظاہرہ کیا۔مظاہرین کی قیادت مقامی سرپنچ محمد فارو ق انقلابی کر ہے تھے ،جس میں مقامی لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس سے قبل مظاہرین میڈیکل سب۔ سنٹر کے باہر اکٹھا ہوئے اور محکمہ صحت کے خلاف نعرے بازی کر تے تھے۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقامی سرپنچ نے کہا کہ کنگوٹہ برف سے ڈھکا ہوا علاقہ ہے،جہاں پر دو روز قبل ایک فٹ سے زائد فٹ برف جمع ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موضع کی عوام طبی خدمات کے لئے اسی میڈیکل سب ۔سنٹر پر منحصر ہیں۔انہوں نے کہا کہ سب ۔سنٹر میں کل چار ملازم تعینات ہیں ،جن میں سے دو کو تحصیل سے باہر اٹیچ کیا گیا ہے جبکہ تیسرا گُذشتہ کئی دنوں سے ڈیوٹی پر نہیں آرہا ہے اور فقط ایک صفائی کرمچاری سنٹر چلا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے یہ معاملہ متعدد بار محکمہ صحت کے افسروں کی نوٹس میں لایا ہے لیکن ابھی تک کوئی فائدہ نہیں ہوا ہے، جس کی وجہ سے عوام کو کافی پریشانیاں ہوئی ہیں۔انہوں نے  محکمہ صحت کے حکام سے سب ۔سنٹر کنگوٹہ کے لئے معقول تعداد میں عملہ تعینات کرنے کا مطالبہ کیا ۔ جب کشمیر عُظمیٰ نے بی ایم او کنڈی ڈاکٹر اقبال ملک سے اس سلسلہ میں رابطہ کیا ،تو انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ سب ۔سنٹر کے دو اہلکاروں کو محکمہ کے اعلیٰ حُکام نے کہیں اٹیچ کیا ہے اور انہوںنے اعلیٰ حُکام سے ان  اٹیچمنٹوں کو منسوخ کرنے کی درخواست کی ہے