میڈیا کمپلیکس میں جدید طرزکی لائبریری قائم ہوگی

سرینگر// محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ( ڈی آئی پی آر) میڈیا کمپلیکس سرینگر میں جدید طرز کا ایک لائبریری کم ریڈنگ روم جس میں ریفرنس سہولیات بھی دستیاب ہوگی، قائم کر رہا ہے۔ ناظم اطلاعات منیر الاسلام نے کہا ہے کہ یہ لائبریری نہ صرف موجودہ اخبارات اور رسالوں کا ذخیرہ ہوگی بلکہ اس میں ریاست کے مختلف اشاعتوں کے آرکائیوز بھی موجود ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ محکمہ کے پاس ریاست میں 1930 سے شائع ہونے والے تاریخی اخبارات اور دیگر اشاعتوں کا ایک بڑا خزانہ موجود ہے اور محکمہ اس خزانہ کو ڈیجیٹائز کرنے کے عمل سے گذر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ نے اس لائبریری کے لئے1950 سے پہلے کے اخبارات، رسالے، جریدے، کتابیں، فوٹو گرافس اور دیگر مواد جمع کرنے کا کام بھی شروع کیا ہے۔ ناظم اطلاعات نے کہا کہ جس کسی کے پاس بھی یہ اشاعت یا مواد موجود ہو اور وہ یہ محکمہ اطلاعات کو وسیع تر عوامی مفاد کے لئے دینا چاہتا ہو وہ محکمہ اطلاعات کے میڈیا کوارڈی نیٹر شبیر احمد کے ساتھ اُن کے سیل نمبر9419007581  یا میل آئی ڈی[email protected] پر رابط قائم کرسکتا ہے۔