میچونگ طوفان کا قہر | تمل ناڈو، آندھرا پردیش اور پڈوچیری میںاموات وزیر اعظم مودی کاجانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار

یو این آئی

نئی دہلی//وزیر اعظم نریندر مودی نے طوفان مچونگ کی وجہ سے خاص طور پر تمل ناڈو، آندھرا پردیش اور پڈوچیری میں ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے ۔مسٹرمودی نے اس طوفان میں زخمی یا متاثر ہونے والوں کے لیے بھی دعا کی اور کہا کہ حکام متاثرین کی مدد کے لیے زمینی سطح پر انتھک کام کر رہے ہیں اور حالات مکمل طور پر معمول پر آنے تک اپنا کام جاری رکھیں گے ۔ادھر لوک سبھا میں بدھ کو ڈی ایم کے کے سینئر رکن ٹی آر بالو نے تمل ناڈو اور راجدھانی چنئی میں شدید بارش اور تیز ہواؤں سے ہونے والی تباہی کے پیش نظر طوفان میچونگ کو قومی آفت قرار دینے کا مطالبہ کیا۔ مسٹر بالو نے وقفہ صفر کے دوران کہا کہ طوفان کے قہر نے تمل ناڈو اور ریاستی دارالحکومت چنئی کے کئی علاقوں میں شدید بارش کی وجہ سے بہت زیادہ نقصان پہنچایا ہے ۔ انہوں نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اسے قومی آفت قرار دے اور پورے تمل ناڈو کو اناج اور دیگر راحت فراہم کرے ۔ انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ پورے تمل ناڈو کو قومی آفت سے متاثر قرار دیا جائے ۔