میونسپل کمیٹی گاندربل کے ٹیکس وصولی میں خرد برد کاانکشاف

گاندربل//میونسپل کمیٹی گاندربل میں قصبے کی حدود میں داخل ہونے والی گاڑیوں سے وصول کئے جانے والے ٹیکس میں خرد برد کاانکشاف ہوا ہے۔بتایا جاتا ہے کہ میونسپل کمیٹی گاندربل نے قصبے کے حدود میں داخل ہونے والی کمرشل گاڑیوں سے ٹیکس وصول کرنے کیلئے بیہامہ،گیراج اور گنگرہامہ میں چونگی پوسٹ قائم کئے ہیں اور گزشتہ سال ان چونگیوں کوایک کروڑ روپے  سے زائد کی رقم پر ٹینڈرکے ذریعے نیلام کیاگیا لیکن اس سال میونسپل کمیٹی گاندربل نے ان چونگیوں کو ٹھیکہ پر دینے کے بجائے خود ہی ٹیکس وصول کرنے کا کام ملازمین کے سپرد کیا۔ذرائع کے مطابق ملازمین کے ذریعے میونسپل کمیٹی گاندبل کو اس برس گزشتہ سال سے30لاکھ روپے کا کم ٹیکس وصول ہواہے۔ذرائع نے بتایا کہ ٹیکس وصولی کے کام پر تعینات ملازمین نے سرکاری خزانے کو لاکھوں روپے کا چونا لگایاجس کی اعلیٰ سطحی تحیقیقات کرانے کا عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے ۔’کشمیر عظمیٰ‘ نے اس سلسلے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر گاندربل سے جب رابطہ قائم کیا تو انہوں نے کہا کہ اس سارے معاملے کی جانچ کی جائے گی اور اگر کسی کو اس معاملے میں خرد برد میں ملوث پایا گیا تو اُ س کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔