میونسپل کمیٹی بھدرواہ کاوفد ایکسین تعمیرات عامہ سے ملاقی

بھدرواہ//سڑکوں کی خستہ حالی کے بارے میں جانکاری دینے کے لئے میونسپل کمیٹی بھدرواہ کے وارڈممبران کے ایک وفدنے نائب صدررشی کوتوال کی صدارت میں ایکسین آراینڈبی بشیراحمدکھانڈے سے ڈانڈی بھدرواہ میں ان کے دفترمیں ملاقات کی۔اس دوران وفدنے بتایاکہ قصبہ کی سڑکیں گزشتہ طویل عرصے سے مرمت نہیں کی گئی ہیں جس کی وجہ سے ان پربڑے بڑے کھڈے بن چکے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ تکیہ چوک، سیری بازار، پاسر ی بس سٹینڈ اور لکشمی نرائن مندرکے قریب سڑک شدیدخستہ حالی کاشکارہوچکی ہے۔رشی کوتوال نے کہاکہ سڑک کی حالت پہلے ہی نہایت خستہ ہے اورجب برسات کاموسم ہوگاتواس روڈپرپھسلن کی وجہ سے سڑک حادثات کاخطرہ پیداہوجائے گا۔انہوں نے کہاکہ شام کے وقت بعض دفعہ کئی لوگ سڑک کی خستہ حالی کی وجہ سے گرکرزخمی ہوجاتے ہیں۔تمام وارڈممبران نے قصبہ کی سڑکوں کی خستہ حالی دورکرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کرنے کامطالبہ کیا۔اس دوران ایکسین آراینڈبی بھدرواہ بشیراحمدکھانڈے نے وفدکواگلے ہفتے سے سڑکوں کی مرمت کرانے کی یقین دہانی کرائی۔بشیراحمد کھانڈے ایکسین پی ڈبلیوڈی نے کہاکہ ہم خستہ حالی سڑک کے حصے پربلیک ٹاپ نہیں کرسکتے ہیں کیونکہ علاقہ کے تمام پری مکس پلانٹوں میں کورٹ نے بلیک ٹاپ کرنے پرپابندی لگائی ہے۔ہم اس کوکنکریٹ سے مرمت کریں گے۔انہوں نے کہاکہ ہمیں لوگوں کے تعاون کی بھی ضرورت ہے اس دوران وفدمیں نائب صدررشی کوتوال، پونیت مہتا، شبیرشیخ، رفیق بھاگوان، محمدشفیع گنائی، سلیم احمداورمحمداکبرشامل تھے۔بعدازاں وفدنے اے ڈی سی بھدرواہ سے بھی ملاقات کرکے لوگوں کودرپیش مسائل کے بارے میں جانکاری دی۔