سوپور//شمالی کشمیرکے قصبہ سوپورمیں سنیچر کو ایک جنگجویانہ حملے میں 2پولیس اہلکار اور2عام شہری جاں بحق جبکہ گولیاںلگنے سے ایک سب انسپکٹر سمیت 2 پولیس کانسٹیبل اور2عام شہری زخمی ہوگئے۔واقعہ کے بعد علاقے کو محاصرے میں لیا گیا اور اسلحہ برداروں کی تلاش شروع کی گئی۔
حملہ کیسے ہوا؟
سنیچر کے روز دوپہر پونے 12بجے نامعلوم اسلحہ بردار سوپور کے مین چوک میں نمودار ہوئے اور انہوں نے یہاں معمول کی ڈیوٹی دے رہی پولیس پارٹی کو براہ راست نشانہ بنا کر ان پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کی زد میں آکر 8افراد زخمی ہوئے جن میں 4شہری بھی شامل ہیں۔اس موقعہ پر یہاں عام لوگ بھی موجود تھے جس کی وجہ سے شہری بھی فائرنگ کی زد میں آئے۔ فائرنگ کاواقعہ رونماہونے کے بعد قصبہ میں خوف ودہشت کی صورتحال پیداہوئی جبکہ پولیس، فورسز ورفوج کے افسرجائے واردات پرپہنچ گئے اور پورے علاقے کو محاصرے میں لیا گیا۔ حملہ آوروں کیخلاف تلاشی کارروائی شروع کرنے سے پہلے سبھی زخمیوںکوسب ضلع اسپتال سوپور منتقل کیاگیا ،جہاں 2پولیس اہلکاراور2عام شہری دم توڑ بیٹھے ۔ زخمیوں کو علاج و معالجے کے لئے فوری طور سب ضلع ہسپتال سوپور پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان میں سے دو اہلکاروں اور دو عام شہریوں کو مردہ قرار دیا۔بلاک میڈیکل افسرسوپورڈاکٹر ذوالفقار نے بتایاکہ گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے8 افرادکوسب ڈسٹرکٹ اسپتال سوپور لایاگیا،تاہم ان میں4زخمی راستے میں دم توڑ چکے تھے ،جن میں2عام شہری اور2 اہلکار شامل ہیں ۔مہلوک پولیس اہلکاروں میں آئی آرپی تیسری بٹالین سے وابستہ کانسٹیبل وسیم احمدبٹ (بیلٹ نمبر657)ولد محمدسلیم ساکن ناربل بڈگام،اور آئی آرپی تیسری بٹالین سے وابستہ کانسٹیبل شوکت احمدپرے (بیلٹ نمبر841 )ولد عبدالغنی ساکن گوری پورہ بیروہ بڈگام کے طور پر ہوئی۔اسکے علاوہ عام شہری منظور احمد شالہ ساکن شالیمار کالونی سوپور اور بشیر احمد ساکن مہاراج پورہ سوپور نامی دو شہری بھی جاں بحق ہوئے۔زخمیوں میں پولیس سب نسپکٹرمکیش کمار اور شہری طارق احمد ساکن کرالہ ٹینگ کو شدید زخمی حالت میں سرینگر منتقل کردیا گیا جبکہ ایس پی او دانش الہیاور شہری نعیم احمد ملہ ساکن مہاراج پورہ سوپور کا علاج معالجہ سوپور اسپتال میں کیا جارہا ہے۔جنگجوئیانہ حملے کے بعدپولیس ،فورسزاورفوج نے پورے علاقے کومحاصرے میں لیکرتلاشی کارروائی عمل میں لائی جوکچھ گھنٹوں کیلئے جاری رہی تاہم کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی اورنہ سیکورٹی اہلکاروں کاکہیں جنگجوئوں سے سامنا ہوا۔
لیفٹیننٹ گورنر کا اظہار تعزیت | کہاحملہ آور انسانیت کے دشمن:منوج سنہا
نیوز ڈیسک
سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہانے حملے کی مذمت کرتے ہوئے مہلوک سیکورٹی اہلکاروں وشہریوں کے لواحقین کیساتھ تعزیت کااظہارکیا۔ لیفٹیننٹ گورنر نے سماجی رابطہ گاہ ٹویٹر پر ایک ٹویٹ میں لکھا’’سوپور حملہ انتہائی قابل مذمت ہے،جاں بحق ہوئے سیکورٹی اہلکاروں اورعام شہریوں کے لواحقین کیساتھ تعزیت کااظہار کرتاہوں اوردعاکرتاہوں کہ اس حملے میں زخمی ہونے والے سبھی لوگ جلدصحت یاب ہوں۔لیفٹیننٹ گورنر نے مزیدلکھاکہ تشددکے مرتکب انسانیت کے دشمن ہیں ۔انہوں نے کہاکہ اس طرح کی قابل نفرت اوربزدلانہ حرکت کرنے والے سزاسے بچ نہیں پائیں گے ۔
ملوث جنگجوئوں کی شناخت ہوگئی : دلباغ سنگھ/وجے کمار | سرینگر پولیس لائنز میں الوداعی تقریب پر گلباری
نیوز ڈیسک
سرینگر//پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے سوپورحملے کیلئے لشکرطیبہ کوذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہاکہ حملے میں شامل جنگجوئوں کی شناخت ہوگئی ہے ۔ جاں بحق 2پولیس اہلکاروں کے اعزازمیں منعقدہ تعزیتی تقریب کے موقعہ پرڈی جی پی نے کہاکہ سوپورحملے میں لشکرطبیہ ملوث ہے اور حملے میں شامل جنگجوئوںکی شناخت کی گئی ہے تاہم ابھی اسبارے میں مزید تفصیلات ظاہرنہیں کی جائیں گی۔پولیس چیف کاکہناتھاکہ کورونا کرفیو کے پیش نظر سب انسپکٹر مکیش سنگھ کی سربراہی میں پولیس کی ایک ٹیم کومین چوک سوپورمیں تعینات کیاگیاتھا،اوراسی ٹیم پرجنگجوئوں نے اندھادھند گولیاں چلائیں ۔دلباغ سنگھ نے کہاکہ پولیس پارٹی نے جوابی کارروائی عمل میں لائی ،جس دوران کچھ سیکورٹی اہلکاراورشہری زخمی ہوگئے ۔انہوں نے کہاکہ زخمی ہونے والے شہری یہاں نزدیک ہی ریڈیاں لگاکرسبزیاں بیچ رہے تھے ۔پولیس چیف نے بتایاکہ اس حملے کے ہرپہلو کاجائزہ لیاجارہاہے اورپولیس نے اس سلسلے میں تحقیقات شروع کردی ہے ۔ادھر انسپکٹر جنرل پولیس وجے کمار نے کہا کہ حملے لشکر طیبہ کے 2مقامی جنگجو ملوث ہیں۔آئی جی پی نے کہا ’’دو مقامی جنگجو فیاض وار اور مدثر پنڈت حملے میں ملوث تھے۔‘‘اعلی پولیس افسر نے واقعے کے فورًبعد سوپور کا دورہ کیا اور واقعہ کی جگہ کا معائنہ کیا اور شمالی کشمیر میں فوج کے سیکٹر کمانڈر ، پولیس و سی آر پی ایف کے کے ڈی آئی جی سے ملاقات کی۔انہوں نے کہا’’ جموں کشمیر پولیس اور فورسز کام پر لگے ہوئے ہیں، اور انکے خلاف بہت جلد کارروائی کی جائیگی۔ فوت شدہ پولیس اہلکاروں کیلئے الوداعی تقریب ضلع پولیس لائنز سرینگر میں منعقد ہوئی جس کے دوران گلباری کی گئی اور انہیں خراج عقیدت ادا کیا گیا۔اس موقعہ پر سی آر پی ایف کے سپیشل ڈائریکٹر جنرل سنجے اروڑا ،ایڈیشنل ڈی جی پی آرمڈ پولیس ایس جے ایم گیلانی ،ایڈیشنل ڈی جی پی سیکیورٹی ایس ڈی سنگھ جموال ، آئی جی پی کشمیر وجے کما ، آئی جی سی آر پی ایف (آپریشن) کشمیر دیپک رتن ، ڈی آئی جی وسطی کشمیر امیت کمار، ڈی آئی جی ا شمالی کشمیر سوجیت کمار اور ایس ایس پی سرینگر موجود تھے۔