مینڈھر ہسپتال میں جگہ کی قلت

 
مینڈھر //سب ڈویژن مینڈھر میں تعمیر شدہ 30بستروں والے ہسپتال میں اس وقت مریضوں کا بھاری رش ہے تاہم جگہ کی قلت کی وجہ سے ان کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔درجنوں کی تعداد میں مریض مینڈھر ہسپتا ل میں زیر علاج ہیں تاہم ان مریضوں کو بستر ہی میسر نہیں ہیں ۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مقامی لوگوں کو سہولیات فراہم کر نے کیلئے سنجیدگی کا مظاہرہ ہی نہیں کیا جارہاہے ۔انہوں نے کہاکہ اس وقت مریضوں کی ایک بڑی تعداد اپنے علاج معالجہ کیلئے بستر خالی ہو نے کا انتظار کرنے پر مجبور ہوچکے ہیں ۔بلاک میڈیکل آفیسر مینڈھر نے بتایا کہ اس وقت سب ڈویژن کے مختلف علا قوں میں منعقدہ عرسوں و دیگر مذہبی تقریبات میں محکمہ پی ایچ ای کی جانب سے غیر معقول پانی سپلا ئی کیا جارہاہے جس کی وجہ سے لوگوں کی ایک بڑی تعداد مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو نے کیساتھ ہی مینڈھر ہسپتال کا رخ کر رہے ہیں جبکہ نئی عمارت نہ ملنے کی وجہ سے ہسپتال انتظامیہ کو شدید دقتوں کا سامنا کرنا پڑرہاہے ۔انہوں نے کہاکہ محکمہ پی ایچ ای انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ تقریبات میں معیاری پانی فراہم کر ئے تاکہ لوگ بیماریوں میں مبتلا نہ ہوں ۔