! مینڈھر کی سیاست میں بڑا اُلٹ پھیر | پی ڈی پی جنرل سیکر یٹری معروف خان حامیوں سمیت این سی میں شامل

جاوید اقبال

مینڈھر//پی ڈی پی کے جنرل سیکریٹری اور راجوری پونچھ کے پارٹی انچارج ایڈووکیٹ محمدمعروف خان نے اپنے ہزاروںحامیوں سمیت نیشنل کانفرنس میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔ انہوں نے سرینگر میں پارٹی صدر ڈاکٹرفاروق عبدللہ کی موجودگی میں درجنوں سرپنچوں وپنچوں سمیت این سی کا دامن تھاما۔ ان میں بلاک پی ڈی پی صدر اکبر حسین جنجوعہ بھی شامل ہیں۔ اس موقع پر این سی اْمیدوار مینڈھر جاوید رانا واین سی ضلع صدر راجوری شفاعیت احمد خان ودیگر پارٹی عہدیداران بھی موجود تھے۔ ایڈووکیٹ محمد معروف خان کا شمار پہاڑی قبیلہ کی سرکردہ سیاسی شخصیات میں ہوتا ہے۔ پچھلی چاردہائیوں سے وہ میدان سیاست میں سرگرم عمل ہیں۔ وہ بار ایسوسی ایشن پونچھ کے سابقہ صدر بھی رہے ہیں۔ حال ہی میں جب اْنہیں منڈیٹ دیاگیا تو ندیم خان نے نا راضگی کا اظہا ر کیا اورآزاد الیکشن لڑنے کافیصلہ کیا۔ پارٹی ہائی کمان کی ہدایت پر جب دونوں کے درمیان صلاح ومشورہ کے لئے بات ہوئی تو ندیم خان وغیرہ کسی بھی صورت معروف خان کے حق میں راضی ہونے کوتیار نہ تھے جس کے بعد معروف خان نے بڑے پن کامظاہرہ کرتے ہوئے منڈیٹ از خودخوشی خوشی ندیم خان کودے دیا اور اْن کاساتھ دینے کا اعلان کیا تاہم بعد میں انہوں نے پارٹی کادامن چھوڑ کر نیشنل کانفر نس میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا ۔ قابل ذکرہے کہ معروف خان کی یہ نیشنل کانفرنس میں دودہائیوں بعد واپسی ہے۔ وہ سال2012 کو پی ڈی پی میں شامل ہونے سے قبل دو دہائیوں کے زائد عرصہ تک نیشنل کانفرنس میں تھے جہاں اْن کاشمار پارٹی کے سنیئرترین لیڈران میں ہوتا تھا۔ وہ پونچھ ڈسٹرکٹ کورٹ میں پبلک پراسیکیوٹر بھی رہے ہیں۔