مینڈھر کورٹ کمپلیکس کی عمارت کھنڈرات میں تبدیل

مینڈھر //مینڈھر کورٹ کمپلیکس کی عمارت انتہائی خستہ حال ہو کر منہدم ہونے کے قریب پہنچ چکی ہے تاہم انتظامیہ کی جانب سے اس کی مرمت کے سلسلہ میں کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا جارہا ہے ۔وکلا نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ گزشتہ کئی دہائیوں سے عمارت کی مرمت کے لئے کوئی دھیان ہی نہیں دیا گیا جبکہ اس دوران آنے والے زلزلوں کی وجہ سے خستہ حال عمارت کی حالت مزید ابتر ہو گئی ہے اوراب عمارت کے منہدم ہو نے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اس کی مرمت کے سلسلہ میں ضلع انتظامیہ اور متعلقہ حکام سے بھی مرتبہ رابطہ قائم کیا گیا ہے لیکن ہر مرتبہ یقین دہانیاں کروا ئی گئی ہیں لیکن کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا ہے ۔غور طلب ہے کہ مینڈھر سب ڈویژں 3تحصیلوں پر مشتمل ہے جبکہ مینڈھر کورٹ میں اس وقت 26سو سء زائد کیس زیر سماعت ہیں ۔وکلاء نے بتایا کہ کورٹ کمپلیکس کی عمارت کی مرمت کرنے کیساتھ ساتھ اس کا درجہ بڑھانے کے سلسلہ میں حالیہ کئی برسوں سے مانگ کی جارہی ہے لیکن حکام کی جانب سے اس طرف توجہ نہیں دی جارہی ہے اور اب عمار ت کی حالت اس قدر خستہ ہے کہ خراب موسم کے دوران اس میں کام کا جاری رکھنا خطرے سے خالی نہیں ہے ۔مقامی معززین کیساتھ ساتھ وکلاء نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ مینڈھر کورٹ کو جلدازجلد سیشن کورٹ کا درجہ دے کر اس کی عمارت کی مرمت بھی کروائی جائے ۔