پونچھ//جموں و کشمیر اکیڈمی آف آرٹ، کلچر اینڈ لینگوئجز راجوری/ پونچھ کے زیر اہتمام بار ہال منصف کورٹ مینڈھر میں آزادی کا امرت مہا اتسو کے جشن کے موقع پر ایک کثیرللسانی مشاعرہ کا انعقاد کیاگیا۔ اس تقریب کلچرر اکیڈمی کے سکریٹری راہول پانڈے کی ہدایت پر منعقد کی گئی اور اس کی نگرانی ایڈیشنل سکریٹری کلچرر اکیڈمی سنجیو رانا نے کی۔ مشاعرے میں سیکڑوں مقامی لوگوں، وکلاء، اور میڈیا برادری نے کووِڈ ایس او پیز کی مناسب پابندی کے ساتھ شرکت کی ۔مشاعرہ کی صدارت امتیاز نسیم ہاشمی پرنسپل گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول سلواہ اورکلچرل اکیڈمی بیسٹ بک ایوارڈ یافتہ نے کی اور مشاعرہ کی نظامت معروف پہاڑی شاعر محمود طاہر نے کی۔ مشاعرہ صدر بار ایسوسی ایشن مینڈھر ایڈووکیٹ سردار جاوید خان کے تعاون سے منعقد ہوا۔ مشاعرے میں جن شاعروں نے اپنی شاعری سنائی ان میں محمود طاہر، محمد حسین فقیر، سردارجاوید خان، امتیاز نسیم ہاشمی، فقیر محمد، ماسٹر قربان شاہ، عظمت جعفری، سلیم تابش قریشی، ایڈووکیٹ بشارت خان، زاہدہ خانم قابل ذکر ہیں۔اس دوران خطاب کرتے ہوئے ثقافتی سرگرمیوں کے راجوری پونچھ کے خصوصی افسر ڈاکٹر علمدار عدم نے شاعروں کا اور صدر بار ایسوسی ایشن مینڈھر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے وکلاء مقامی لوگوں اور شاعروں سے بھی بات چیت کی اور مقامی زبانوں میں لوک گیت، لوک پینٹنگز کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے ان سرگرمیوں میں نوجوانوں کی شرکت پر بھی زور دیا۔ صدر بار ایسوسی ایشن مینڈھر ایڈوکیٹ سردار جاوید خان نے کلچرل اکیڈمی راجوری، سکریٹری جے کے اے اے سی ایل اور ایڈیشنل سکریٹری جے کے اے اے سی ایل کو مینڈھر کے مقامی لوگوں اور ایڈووکیٹ کےلئے تقریب منعقد کرنے پر شکریہ ادا کیا۔