مینڈھر کالج کا گرلز ہوسٹل برسوں سے تشنہ تکمیل ٹھیکیدار و محکمہ لاپرواہی کا شکار ،والدین بچیوں کی رہائش کیلئے فکر مند

جاوید اقبال

مینڈھر // گور نمنٹ ڈگری کالج مینڈھر کا گرلز ہوسٹل گزشتہ کئی برسوں سے مکمل ہی نہیں کیاجارہا ہے جس کی وجہ سے مذکورہ ڈگری کالج میں زیر تعلیم بچیاں نجی کرایہ کی کمروں میں دربدر ہو رہی ہیں ۔مقامی لوگوں نے بتایاکہ محکمہ پی ڈبلیو ڈی کے زیر تحت مذکورہ عمارت کی تعمیر کا عمل برسوں قبل شروع کیاگیا تھا تاہم کچھ عرصہ تک کام رفتار کیساتھ کیاگیا لیکن اب ٹھیکیدار اور محکمہ کی آپسی ملی بھگت سے کام کی رفتار انتہائی سست کردی گئی ہے جس کی وجہ سے آج تک عمارت مکمل نہیں کی گئی ۔دوسری جانب والدین نے تشویش کا ااظہار کرتے ہوئے کہاکہ ان کی بچیوں کو رہائش کیلئے کوئی معیاری جگہ دستیاب نہیں ہے اور وہ نجی طورپر کرائے کے کمروں میں بھاری کرایہ ادا کر کے رہنے پر مجبور ہیں ۔

غور طلب ہے کہ گور نمنٹ ڈگری کالج مینڈھر میں سب ڈویژن کے دور افتادہ علاقوں بالخصوص سنگیوٹ ،بھاٹہ دھوڑیاں ،ہرموتہ ،پٹھانہ تیر ،بالاکوٹ ،ڈبی کے علاوہ تحصیل منکوٹ کے دور دراز علاقوں کی بچیاں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کیلئے آتی ہیں لیکن کالج کا ہوسٹل تیار نہ ہونے کی وجہ سے بچیوں کیساتھ ساتھ والدین کی پریشانیاں بھی بڑھتی جارہی ہیں ۔مقامی لوگوں اور والدین نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ کالج کے گرلز ہوسٹل کی عمارت جلدازجلد مکمل کر کے بچیوں کو رہائش فراہم کی جائے ۔