مینڈھر میں 80فیصد واٹر سپلائی سکیمیں عوام کیلئے درد سر | 3تحصیلوںکی آبادی متاثر ،ملازمین و آفیسران پر لاپرواہی کا الزام

جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کی تینوں تحصیلوں میں کم از کم 80فیصد واٹر سپلائی و لفٹ سکیمیں بند ہو گئی ہیں جس کی وجہ سے وسیع آبادی کو پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے محکمہ جل شکتی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ واٹر سپلائی سکیموں کو بحال کرنے کیلئے ملازمین کو ہدایت ہی جاری نہیں کی جارہی ہیں جبکہ لوگ شدید گرمی و رمضان میں پینے کا صاف پانے قدرتی چشموں سے لانے پر مجبور ہیں ۔مکینوں نے بتایا کہ سرحدی تحصیل بالا کوٹ ،منکوٹ اور مینڈھر میں کئی واٹر سپلائی سکیمیں محکمہ کے ملازمین کی لاپرواہی کی وجہ سے بندپڑی ہوئی ہیں جبکہ اس سلسلہ میں کئی مرتبہ اعلیٰ حکام بالخصوص محکمہ کے ملازمین سے بھی رجوع کیا گیا لیکن آفیسران ان کو صرف جھوٹی یقین دہانیاں ہی کروا رہے ہیں تاہم عملی بنیادوں پر پانی کی بحالی کیلئے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا جارہا ہے ۔غور طلب ہے کہ سرحدی تحصیل منکوٹ میں کئی ایک علاقوں میں فوج کی جانب سے بھی پینے کا صاف پانی سپلائی کیا جاتا رہا ہے جبکہ متعلقہ محکمہ کی جانب سے ان علاقوں میں پانی کا کوئی بندوبست نہیں کیا گیا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ زیادہ تر عوام قدرتی چشموں پر دربدر ہیں کیونکہ شدید گرمی کی وجہ سے قدرتی چشموں پر بھی پانی کی شرح میں کمی واقعہ ہو ئی ہے جبکہ لوگ اپنی بار کا انتظار کرنے پر مجبور ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ کچھ لوگ ذاتی خرچے کی بنیاد پر پینے کے صاف پانی کی گاڑیاں لے رہے ہیں جبکہ محکمہ جل شکتی کی جانب سے جن علاقوں میں پانی کی گاڑیاں سپلائی کی جارہی ہیں ان علاقوں کے مکینوں نے دوگنا کرایہ بھی وصول کیا جارہا ہے ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ کے متعلقہ ملازمین کرایہ کے نام پر لوٹ رہے ہیں جبکہ محکمہ کی جانب سے بھی کرایہ کیلئے کوئی فہرست مشتہر نہیں کی گئی ہے ۔لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہا کہ مینڈھر میں خراب پڑی ہوئی واٹر سپلائی سکیموں کی مرمت کیساتھ ساتھ ملازمین کی حاضری کو یقینی بنایا جائے تاکہ عام لوگوں کی مشکلات کم ہو سکیں ۔