مینڈھر میں 70فیصد لفٹ واٹرسپلائی اسکیمیں ناکارہ

 
مینڈھر//سب ڈویژن مینڈھر میں محکمہ صحت عامہ کی حالت نہایت ہی خستہ ہے جس کی وجہ سے اسمبلی حلقہ کے دیہی علا قوں کی ایک بڑی آبادی پینے کے صاف پانی کی قلت میں مبتلا ہو چکی ہے ۔اس وقت سب ڈویژن میں 70فیصد سے زائد لفٹ اسکیمیں ناکارہ ہوچکی ہیں لیکن محکمہ کے آفیسران اور ملازمین عوام کو پانی فراہم کرنے کیلئے مذکورہ اسکیموں کو ٹھیک کرنے میں پوری طرح سے ناکام ہو چکے ہیں ۔مقامی لوگوں نے محکمہ پی ایچ ای کو تنقید کا نشانہ بنا تے ہوئے کہاکہ ملازمین کی عدم توجہی او ر لا پرواہی کی وجہ سے اس وقت عوام کو کئی کلو میٹر پیدل چل کر پینے کا صاف پانی لا نا پڑرہا ہے لیکن متعدد مرتبہ اپیل کرنے کے باوجود بھی عوامی مسائل کو حل نہیں کیا جارہاہے  ۔ اس سلسلہ میں پیر پنجال عوامی پارٹی کے ریاستی سیکریٹری مشتاق احمد فانی نے متعلقہ محکمہ کے آفیسران کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ گذشتہ کئی مہینوں سے اسسٹنٹ ایگز یکٹو انجینئر کی آسامی خالی پڑی ہوئی ہے جس کی وجہ سے متعلقہ محکمہ کا کام کاج متاثر ہو رہا ہے لیکن عوامی مانگ کے باوجود بھی مذکورہ جگہ پر کوئی دوسرا آفیسر تعینات نہیں کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کو کئی کلو میٹر دور سے جاکر پینے کا پانی لانا پڑتاہے او ر پینے کا صاف پانی نہ ملنے کی وجہ سے لوگ مزید بیماریوں کا شکارہوچکے ہیں لیکن ضلع انتظامیہ سنجید گی کا مظاہرہ نہیں کر رہی ہے ۔موصوف نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ کے میکینکل شعبہ کے ملازمین کی لا پرواہی کی وجہ سے اکثر اسکیمیں خراب ہو ئی ہیں جبکہ متعلقہ محکمہ کے کئی ایک ملازمین دکانیں چلاتے ہیں جبکہ کئی دیگر ملازمین نجی گاڑیاں چلا رہے ہیں جبکہ عوام کو درپیش مشکلات کی جانب کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے ۔مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ مینڈھر میں تمام لفٹ اسکیموں کو قابل استعمال بنایا جائے تاکہ عوام کو درپیش مسائل حل ہو سکیں ۔